عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ پر انتخابات میں تاریخی ٹرن آوٹ پر عوام اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔
انہوں نے جموں کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے پانچوں پارلیمانی حلقوں میں انتخابات کے دوران سیکورٹی کے وسیع انتظامات کی بھی تعریف کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “میں اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کیلئے آج کے انتخابات میں تاریخی ٹرن آوٹ کیلئے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں اس بڑی مشق کے کامیاب انعقاد پر تمام سٹیک ہولڈرز کو خاص طور پر ووٹروں کو جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے میں ان کے منفرد کردار کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔
اُنہوں نے مزید کہا، “مجموعی طور پر، جموں و کشمیر میں 5 مرحلوں میں 5 پارلیمانی حلقوں میں 58 فیصد پولنگ ہوئی ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ٹرن آوٹ ہے اور یہ پورا عمل آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے انجام پایا۔ جموں و کشمیر اور سیکورٹی فورسز کو سیکورٹی کے وسیع انتظام کے لئے مبارکباد”۔