عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے روایتی سیاستدانوں نے 5 اگست 2019 کے واقعات کے بعد لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔ تاہم اپنی پارٹی نے اُس وقت اپنے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوجانے اور اُن کے حقوق کےلئے لڑنے کا فیصلہ کیا اور مرکزی سرکار کے ساتھ بات چیت کرنے میں پہل کی۔
الطاف بخاری نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سرینگر میں پارٹی کے صدر دفتر میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب بنیادی طور پر سابق وزیر مرحوم قاضی محمد افضل کے بیٹے قاضی عمر فاروق اور ان کے ساتھیوں کی اپنی پارٹی میں شمولیت کرنے پر اُن کا استقبال کرنے کےلئے منعقد کی گئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ مرحوم قاضی نے 2002 سے 2008 تک قانون ساز اسمبلی میں گاندربل حلقے کی نمائندگی کرتے رہے۔ انہوں نے سال 2008 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے اس وقت کے ا±میدوار عمر عبداللہ کو شکست دی تھی۔
قاضی عمر فاروق اور اُن کے ساتھیوں کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے امید ظاہر کی کہ قاضی عمر فاروق اپنے والد مرحوم کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے عوامی حمایت کو حاصل کرنے اور عوام کی بے لوث خدمت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا، ”میں قاضی فاروق اور ان کے ساتھیوں کو اپنی پارٹی میں تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں، اور مجھے یقین ہے کہ ان کی شمولیت سے گاندربل میں ہمارے پارٹی کیڈر کو مزید تقویت ملے گی۔ پارٹی قیادت نئے اراکین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور اُنہیں اپنے علاقے عوامی خدمت کےلئے مواقعے فراہم کئے جائیں گے“۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا، ”5 اگست 2019 کے واقعات کے بعد، جب ہم نے لوگوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں بے بسی اور غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا پایا تو ہم نے اس مشکل گھڑی میں اُن کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوجانے کا فیصلہ کیا۔ جبکہ روایتی سیاست دانوں نے اس نازک وقت میں خاموشی اختیار کرنے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔ لیکن اپنی پارٹی نے دہلی جاکر وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کی اور مرکزی سرکار سے یہ یقین دہانی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی کہ جموں کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل نہیں کیا جائے گا اور یہ کہ یہاں کی زرعی زمینوں اور ملازمتوں پر یہاں کے لوگوں کا ہی خصوصی حق ہوگا۔“
اس موقع پر پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اُن میں سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، ریاستی سکریٹری، ضلع صدر بڈگام اور ترجمان منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر سید فاروق اندرابی، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور خان، ضلع صدر گاندربل جاوید احمد میر، صوبائی صدر خواتین ونگ دلشادہ شاہین، جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ اور حلقہ انچارج عیدگاہ محمد اشرف پالپوری، ڈی ڈی سی ہارون شبیر احمد ریشی، جوائنٹ سیکرٹری سرینگر بلال احمد خان، مصرا جی، آفس انچارج ضلع گاندربل فرحت جی، ڈسٹرکٹ آرگنائزنگ سیکرٹری شیخ نثار، وارڈ صدر بڈشاہ نگر محمد جمال بٹ، انچارج صدر دفتر توصیف بشیر اور دیگر لیڈران شامل تھے۔