عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹھی نے اتوار کے روز کشمیر میراتھن 2.0 میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کشمیر اور ہندوستان کے لیے دوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ یہ بہت خوبصورت منظر ہے۔
اداکار نے اس موقع پر شرکاء کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا: ‘یہ واقعی دل کو چھو لینے والا لمحہ ہے کہ ہر عمر کے لوگ ایک ہی مقصد کے لیے دوڑ رہے ہیں۔ میں اس ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں، اور کوشش کروں گا کہ ہر سال یہاں آؤں’۔
سنیل شیٹھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘وادی میں سیاحت کی بحالی کا یہ منظر بہت حوصلہ افزا ہے۔ ’میں کل ہی پہنچا، ڈل جھیل اور کئی دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ مجھے لگا کہ جو خاموشی تھی، وہ اب ختم ہو رہی ہے، اور کشمیر ایک بار پھر اپنی خوبصورتی کے ساتھ واپس لوٹ رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ موسمِ سرما کشمیر کے لیے ایک شاندار موسم ثابت ہوگا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کے ذریعے کشمیر عالمی توجہ حاصل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فروری میں ونٹر ایونٹس ہوں گے، اور جلد ہی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کرس گیل جیسے بین الاقوامی کھلاڑی بھی کشمیر آئیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم نے بڑی واپسی کی ہے۔
بالی ووڈ اور وادی کے تعلق پر بات کرتے ہوئے سنیل شیٹھی نے کہا: ‘میرے کئی پروڈیوسر دوست یہاں فلم سازی کے خواہشمند ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سال کچھ بڑی فلمیں یہاں شوٹ ہوں گی۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کے لیے کچھ کریں، کیونکہ آخرکار یہ ہماری زمین ہے، سب سے خوبصورت جگہ ‘۔
انہوں نے بتایا کہ اس میراتھن میں 100 سے زائد بین الاقوامی ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں، اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کا جوش بھی قابلِ دید ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘ میں خود 65 پلس ہوں، مگر ان بزرگوں کی توانائی دیکھ کر حیران رہ گیا۔ امید ہے کہ جیسے پچھلے سال سیاحت 90 فیصد تک پہنچی تھی، ویسے ہی اس سال بھی کشمیر میں سیاحتی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی’۔
سنیل شیٹھی نے کہا: ‘ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیر آئیں، اسے اپنا سمجھیں اور اس کی خوبصورتی کو خود محسوس کریں۔ یہ صرف ایک جگہ نہیں، بلکہ جنتِ زمین ہے’۔
کشمیر میراتھن 2.0: لوگ کشمیر اور ہندوستان کے لیے دوڑ رہے ہیں، یہ بہت خوبصورت منظر ہے: سنیل شیٹھی