عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس نے ضلع رام بن کے گول علاقے میں پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مقیم کالعدم ملی ٹنٹ تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ پانچ ملی ٹنٹوں کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پانچ ملی ٹینٹوں سر حد پار کرکے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں داخل ہوئے ہیں اور وہاں سے کام چلا رہے ہیں۔ان کی شناخت 48 سالہ سراج الدین ساکن سنگلدان، 45 سالہ ریاض احمد ساکن دلواہ، 46 سالہ فاروق احمد ساکن بنج بھمداسہ، 50 سالہ محمد اشرف اور 47 سالہ مشتاق احمد ساکنان موئیلہ کے طور پر کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایاگول علاقے میں ان پانچ ملی ٹینٹوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ضبطی دہشت گردی کی مالی معاونت کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور خطے میں ملی ٹنسی کی بحالی کو روکنے کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ہے۔انہوں نے بتایایہ پانچ ملی ٹنٹ ہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنے اور ہندوستان میں ملی ٹنٹ سرگرمیاں انجام دینے کے لیے سر حد پار کرکے پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر گئے ہیں۔ان کا کہنا ہےانٹیلی جنس رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں اپنی غیر منقولہ جائیدادوں کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم کو ملی ٹینسی سرگرمیوں کی مالی اعانت اور مقامی نوجوانوں کو ملی ٹنسی کی طرف راغب کیا جاسکے۔
بیان میں کہا گیاگول میں سب ڈویژنل پولیس افسر کی طرف سے جاری کردہ ضبطی کا حکم جموں و کشمیر پولیس یا دیگر نامزد حکام کی اجازت کے بغیر ان جائیدادوں کی فروخت، لیز یا کسی اور قسم کے لین دین کو روکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضبطی سے ملی ٹینسی کی فنڈنگ کا ایک ممکنہ ذریعہ منقطع ہو جائے گا جس کو خطے میں حزب المجاہدین کے اثر و رسوخ کو بحال کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
ان کا کہنا ہےیہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے سرگرم ملی ٹینٹ کے لئے ایک مضبوط پیغام ہے کہ جموں و کشمیر میںملی ٹینسی کو بحال کرنے کی ان کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس نے کہا کہ مذکورہ افراد کے اہلخانہ کو ملی ٹنسی کی بالواسطہ مدد کرنے میں اب قانونی اور مالی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔