عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ہم دہلی کے غلام نہیں ہیں، بلکہ جموں و کشمیر کے لوگ ہی جموں و کشمیر کے اصل مالک ہیں”۔
ڈاکٹر فاروق نے بی جے پی کے سینئر رہنما رام مادھو کے اس بیان پر ردعمل دیا کہ این سی اور دیگر جماعتیں اسمبلی انتخابات میں سابقہ دہشت گردوں کو استعمال کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ “وہ (بی جے پی کے رہنما) کچھ بھی کر سکتے ہیں، اور وہ ایسے سوالات اُٹھا سکتے ہیں تاکہ افراتفری پیدا ہو”۔
انہوں نے مزید کہا، “انہیں پوچھنا چاہیے کہ پچھلے دس سالوں میں کتنے لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں؟ کیا وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پاسکے ہیں؟ انہوں نے ہم سے سب کچھ چھین لیا ہے، اور اب ہمارے عزت و وقار کے پیچھے پڑے ہیں”۔
جب علیحدگی پسندوں اور اُن کے اہل خانہ کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں پوچھا گیا تو ڈاکٹر فاروق نے کہا، “اس کا بہتر جواب ان لوگوں کو دینا چاہیے جو کل تک پاکستان کی بات کر رہے تھے”۔
حقوق کی بحالی کے بارے میں این سی صدر ڈاکٹر فاروق نے کہا، “میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم دہلی کے غلام نہیں ہیں۔ ہم جموں و کشمیر کے اصل مالک ہیں۔ انہیں میرے الفاظ نوٹ کر لینے چاہئیں۔ میں ان کے پٹھووں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آنے والے وقت میں ایک طوفان آئے گا اور انہیں اس کا سامنا کرنا پڑے گا”۔