گاندربل// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو سونمرگ میں زیڈ-موڑ ٹنل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر سرنگوں، پلوں اور روپ وے منصوبوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں دنیا کی سب سے اونچی ٹنل، ریلوے پل اور ریلوے لائنز تعمیر کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، “ہمارا جموں و کشمیر اب ترقی کی نئی داستان لکھ رہا ہے۔ دنیا کی سب سے بلند ٹنل یہاں بن رہی ہے۔ دنیا کا سب سے بلند ریلوے پل اور سب سے اونچی ریلوے لائنز یہاں تعمیر ہو رہی ہیں۔ چناب پل کی شاندار انجینئرنگ نے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ سب جموں و کشمیر کو دنیا کے ترقی یافتہ خطوں میں شامل کرنے کی ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے اور سب کچھ اپنے وقت پر مکمل ہوتا ہے۔ “آج میں آپ کے درمیان ایک ‘سیوک’ کے طور پر آیا ہوں۔ چند دن پہلے مجھے جموں میں آپ کے ریلوے ڈویژن کا سنگ بنیاد رکھنے کا موقع ملا اور آج مجھے سونمرگ سرنگ قوم کے حوالے کرنے کا موقع ملا۔ یہ مودی ہے، جو وعدہ کرتا ہے، وہ نبھاتا ہے”۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور بی جے پی کارکن وادی میں اکثر آتے تھے اور کئی کلومیٹر پیدل سفر کرتے تھے۔
انہوں نے کہا، “میں نے گلمرگ، بارہمولہ، گاندربل اور سونامارگ جیسے علاقوں میں کئی دن گزارے ہیں۔ اُس وقت بھی شدید برفباری ہوتی تھی، لیکن یہاں کے لوگوں کی محبت اور گرمجوشی ہمیں سردی کا احساس نہیں ہونے دیتی تھی”۔
انہوں نے کہا کہ چلۂ کلان کا یہ موسم وادی میں نئے مواقع لے کر آتا ہے اور سونمرگ جیسے سیاحتی مقامات کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پرکشش بناتا ہے۔ “یہ ٹنل نہ صرف خطے کے لوگوں کی زندگی آسان بنائے گی بلکہ سیاحت، ایڈونچر اسپورٹس اور مقامی روزگار کے مواقع کو بھی فروغ دے گی”۔
زیڈ-موڑ ٹنل تقریباً 12 کلومیٹر طویل ہے اور اسے 2700 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں 6.4 کلومیٹر طویل مین ٹنل، ایک ایسکیپ ٹنل، اور رسائی کی سڑکیں شامل ہیں۔ یہ ٹنل 8650 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور سرینگر سے سونمرگ اور لداخ تک سال بھر محفوظ اور بلا رکاوٹ سفر کو یقینی بنائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا، “یہ منصوبہ صرف ایک ٹنل نہیں بلکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کے لیے ایک نئی امید ہے۔ زوجیلا ٹنل، جو 2028 تک مکمل ہو جائے گی، راستے کی لمبائی کو 49 کلومیٹر سے کم کرکے 43 کلومیٹر کرے گی اور گاڑیوں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھا کر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دے گی۔ یہ بہتر رابطہ نہ صرف دفاعی لاجسٹکس میں مدد دے گا بلکہ خطے کی اقتصادی ترقی اور سماجی و ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا”۔
وزیر اعظم نے آخر میں کہا، “ہم سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے اصول پر کام کر رہے ہیں تاکہ ملک کے ہر کونے کو ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جا سکے۔ یہ نیا جموں و کشمیر ہے، جہاں عوام ترقیاتی منصوبوں سے خوش ہیں، اسکول اور کالج تعمیر ہو رہے ہیں، اور سیاحوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ یہ ہمارا ترقی یافتہ بھارت بنانے کا عزم ہے”۔
جموں و کشمیر ٹنلوں، پلوں اور روپ وے منصوبوں کا مرکز بن رہا ہے: مودی
