جموں سری نگر ریلوے لنک منصوبہ رواں سال مکمل کیا جائے گا: ریلوے وزیر

سری نگر//مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے سال وندے بھارت ٹرینیں ہوں گی کیونکہ جموں سری نگر ریل لنک منصوبہ اس سال ہی مکمل کیا جائے گا۔
یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ کپواڑہ اور وادی کشمیر کے دیگر دو مقامات کو جلد ہی بھارتی ریلوے سے جوڑ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں ریلوے کو بہتر بنایا جائے گا اور سال کے آخر تک بہتری دیکھنے کو ملے گی۔
وزیر نے کہا،”ٹیلی فون کنیکٹیویٹی، ڈبل لائنز، پارسل سروسز، بھارتی ریلوے کے ذریعے سیمنٹ اور دواسازی کی تجارت کو سال کے آخر تک یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ، سیب کی تجارت کے لیے سہولیات پر بھی غور کیا جائے گا”۔