رام بن میں پتھر گرآنے کا سلسلہ جاری، جموں سری نگر قومی شاہراہ بند

File Photo

محمد تسکین

سری نگر//جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن ضلع کے میہاڑ اور کیفے ٹیریا موڑ علاقوں میں مسلسل پتھر گرآنے کی وجہ سے آج صبح آمد و رفت کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے آج بتایا، “جموں-سری نگر قومی شاہراہ میہاڑ، کیفے ٹیریاموڑ، رام بن میں مسلسل پتھرگرآنے کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹی سی یو جموں/سری نگر/رام بن سے تصدیق کے بغیر جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں “۔
اُنہوں نے مزید کہا،”مغل شاہراہ پر آمد و رفت جاری ہے، وہیں ایس ایس جی روڈ اور جموں سری نگر قومی شاہراہ ابھی بھی بند ہیں، بحالی کا کام جاری ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹی سی یو سے تصدیق کے بغیر جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق رام بن میں آج ہوئی بارش کے بعد میہاڑ اور کیفے ٹیریا موڑ پر پتھر گرآنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے امرناتھ یاترا کے قافلے کو چندرکوٹ یاترا نواس میں روک دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ موسم سازگار ہونے اور شاہراہ کی صورتحال میں بہتری کے بعد یاترا اور دیگر گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی۔