یو این آئی
سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں ٹریفک جام کی بدعت سے لوگوں کو نجات دلانے کی خاطر سڑکوں کو کشادہ کرنے کے حوالے سے صوبائی کمشنر کی جانب سے باضابط طورپر ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے جمعے کے روز کہاکہ سری نگر میں کھلی سڑکوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سڑکوں کو زیادہ سے زیادہ چوڑا ہونا چاہئے تاکہ لوگ آسانی کے ساتھ ان شاہراوں پر سفر کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کی ہمواری کے لئے سڑک کی کشادگی بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ سات روز کے اندرا ندر سری نگر میں سڑکوں کوکشادہ کرنے کے حوالے سے جانکاری فراہم کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
وجے کمار بدھوری نے کہاکہ آنے والے دنوں میں جنگی بنیادوں پر کام شروع کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں مختلف مقامات پر سڑکوں کو کشادہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر دیکھا گیا کہ صرف ایک گھر کی وجہ سے شاہراہ کو کشادہ کرنے کا کام ادھوار چھوڑا گیا۔
ان کے مطابق اب صوبائی انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ جہاں پر ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہاں پر مالک مکان سے بات کرکے معاملےکو سلجھایا جائے گا۔۔
انہوں نے شہید گنج کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک کو کشادہ کرنے کی خاطرپروجیکٹ اس لئے ادھوار رہا کہ ایک مکان کو ہٹایا نہ جا سکا لیکن ہم نے اس مالک مکان سے بات کی اور بہت جلد اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔