میوہ ٹرکوں کے لئے راستہ نہیں کھولا گیا تو میں احتجاج پر بیٹھوں گی:محبوبہ مفتی

یو این آئی

سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر میوہ سے بھری گاڑیوں کے لئے راستہ نہیں کھولا گیا تو لوگوں کے ساتھ مل کر قومی شاہراہ پر احتجاج پر بیٹھوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا میوہ منڈیوں میں خراب ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو بے تحاشا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو شوپیاں فروٹ منڈی کا دورہ کرکے وہاں موجود لوگوں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’کشمیر کو ایک جیل خانہ بنا دیا گیا ہےمیوہ صنعت سے وابستہ لوگوں نے بینک قرضے لئے ہوئے ہیں انہوں نے دلی کی منڈیوں سے قرضہ لیا ہے ان کو یہ پیسہ کون دے گا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں سرکار کو متنبہ کرنا چاہتی ہوں اگر راستہ نہیں کھولا گیا تو ہم سب لوگ ملیں گے اور قومی شاہراہ کو بلاک کریں گے‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہاں امر ناتھ یاترا کے دوران لوگوں کو گھروں میں ہی بند کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا میوہ منڈیوں میں خراب ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو بے تحاشا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری بہت شریف لوگ ہیں حکومت کو ان کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہئے۔
بتادیں کہ وادی کشمیر کے فروٹ گروورس و ڈیلرس وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر فروٹ سے لدی گاڑیوں کو روکنے کے خلاف بر سر احتجاج ہیں۔