کولگام میں اسلحہ اور گولہ بارودبرآمد، 6 گرفتار:پولیس

کولگام//سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کر کے 6افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی کے این او نے بتایا کہ میرہامہ گاؤں میں تلاشی مہم شروع کی گئی جس کے دوران 6میگزین، 4گرینیڈ اور ایک پستول سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔
برآمد کئے گئے اسلحے میں ایک پستول، ایک پستول میگزین،18پستول رائوند،ایک دستی بم، 4یو بی جی ایل، 2 مارٹر شیل، اے کے 47کے 30راؤنڈز،M4کے 446راؤنڈز،8ایم 4میگزین ،ایک اے کے 47میگزین ، ایک انساس میگزین ، ایک وائرلیس سیٹ،4واکی ٹاکی اور دیگر مجرمانہ مواد شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کی بازیابی کے سلسلے میں چھ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت شاہد احمد پڈرعرف جیلا ولد غلام احمد پڈرسکنہ میرہامہ،عبید احمد ایتو ولد مشتاق احمد ایتو سکنہ میرہامہ، دانش احمد ڈار ولد آزاد احمد ڈارسکنہ ڈی ایچ پورہ،نواز احمد گنائی ولد محمد عبداللہ گنائی سکنہ ڈنگر پورہ، عابد مشتاق عرف راجو ولد مشتاق احمد نائیک سکنہ میرہامہ اور کفایت احمد لون عرف رنکوولد محمد مقبول لون سکنہ محمد پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار افراد ممنوعہ عسکری تنظیم جیشِ محمد سے وابستہ تھے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عسکری ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔ گرفتار ملزمان گرینیڈ حملے، بے گناہ شہریوں کو ڈرانے، پی آر آئی کے ارکان، اقلیتی برادریوں پر فائرنگ کے حملے وغیرہ کے ذریعے ضلع کولگام میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے لیے تیار تھے۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈی ایچ پورہ میں متعلقہ قانون کے تحت ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔