عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// نو روز سے مسلسل بھوک ہڑتال پر بیٹھے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے اُمید ظاہر کی ہے کہ جموں و کشمیر کی نو منتخب حکومت لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ہم آہنگی میں کام کرے گی اور دہلی کی طرح تنازعات سے بچا جائے گا۔
وانگچک، جو 6 اکتوبر سے لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے پر بھوک ہڑتال کر رہے ہیں، نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کو جلد مکمل ریاست کا درجہ واپس ملنا چاہیے، جبکہ لداخ کا جموں و کشمیر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا، “میں اُمید کرتا ہوں کہ دونوں فریق ایمانداری سے کام کریں گے ورنہ جموں و کشمیر، جو اب ایک یونین ٹیریٹری ہے، دہلی جیسی حالت میں چلا جائے گا جہاں لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان مسلسل رسہ کشی ہوتی رہتی ہے”۔
وانگچک کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور جب وقت آئے گا تو قوم ان کے مطالبات کے حق میں بولے گی۔