شوپیاں:جنگجوؤں کے ٹھکانے کا پردہ فاش، اسلحہ و گولہ بارود ضبط:پولیس

File Photo

سری نگر//پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے شوپیاں کے کٹہ پورہ علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ایک مکان میں جنگجوؤں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے شوپیاں کے کٹہ پورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا‘۔
ٹویٹ میں کہا گیا: ’تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے تلاشی پارٹی پر گرینیڈ داغا جس کا پارٹی نے جواب دیا تاہم جنگجو تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے‘۔
پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ایک مکان سے جنگجوؤں کی کمین گاہ کو تباہ کرکے اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا۔