پنتھیال ٹنل کے سِروں پر پتھر گرنے سے ٹریفک آمد ورفت متاثر، فوجی گاڑی کو نقصان

محمد تسکین

بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پنتھیال کی پسی کو بائی پاس کرنے والی ٹنل نمبر پانچ کے دونوں سِروں پر پتھروں کے گرنے سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس نے بتایا،” پنتھیال کو بائی پاس کرنے والے ٹنل 5 کے منہ پر بھاری پتھر گر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک آمد ورفت متاثر ہوئی ہے”۔
انہوں نے بتایا کہ پتھر گرنے کا سلسلہ تھمنے کے بعدٹریفک کو پوری طرح سے چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ شاہراہ پر سفر کے دوران احتیاط کریں۔
ادھر ذرائع نے بتایا کہ گرتے پتھروں کی زد میں ایک فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں سوار اہلکار بچ نکلے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک حکام ایک ایک کر درماندہ گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔