توہین عدالت کیس: ڈپٹی کمشنر گاندربل کو معافی نامہ دائر کرنے کی مہلت

File Photo

یو این آئی

سرینگر// ضلع مجسٹریٹ گاندربل شیامبر سنگھ نے توہین عدالت کیس کے سلسلے میں معافی نامہ دائرکرنے میں جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ سے مہلت طلب کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلعی ترقیاتی کمشنر گاندربل نے پیر کے روز جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ سے توہین عدالت کیس کے سلسلے میں معافی نامہ دائر کرنے کی خاطر مزید مہلت مانگی ہے۔
شیامبر سنگھ پیر کے روز جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ جسٹس اتل سری دھرن اور جسٹس سنجیو کمار کے سامنے حاضر ہوئے اور صفائی پیش کی ۔
ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے 5اگست 2024کو ڈپٹی کمشنر گاندربل کو اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کو کہا تھا ۔
ڈویژن بینچ نے کہاکہ ضلعی ترقیاتی کمشنر نے زبانی طورپر کہاکہ جو کچھ بھی اُس نے کیا اس کامقصد عدالت کے وقار کو مجروح کر نامقصود نہ تھا۔
عدالت عالیہ نے ڈپٹی کمشنر کو معافی کاحلف نامہ داخل کرنے یا ذاتی طورپر عدالت کے سامنے حاضر ہو کر معافی مانگنے کی خاطر مزید وقت دیا ہے۔
اب اس کیس کی شنوائی 14اگست کو مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل فیاض قریشی کے ریفرنس پر ڈی سی گاندربل کے خلاف توہین عدالت کا سخت نوٹس لیا۔