تعلیمی زون درگمولہ؛رہبرِ کھیل فہرست کی منسوخی کے خلاف ہائی کورٹ میں دائرعرضی خارج

سری نگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے زون درگمولہ کے لئے رہبر کھیل بھرتی سے متعلق عارضی فہرست کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی کو خارج کر دیا ہے۔
13 جنوری 2018کو یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے درگمولہ زون میں رہبر کھیل کے طور پر جاری کردہ اشتہاری نوٹس کے مطابق 12امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا۔
کپواڑہ کے 13زونوں میں مجموعی طور پر 223آسامیاں پُر کی گئیں لیکن حکام نے مئی 2019میں ایک سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ اقربا پروری اور جانبداری کی شکایات کے درمیان 12امیدواروں کی عارضی انتخابی فہرست کو واپس لے لیا تھا۔
اسی دوران حکام نے ان عہدوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا تھا۔ یہ کارروائی حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی تھی جس نے ان الزامات کو مسترد نہیں کیا تھا کہ 12منتخب امیدواروں میں سے 6یوتھ سروسز اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کپواڑہ میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے قریبی رشتہ دار تھے اور ان میں سے کچھ منتخب امیدواروں کو انٹرویو میں غیر معمولی طور پر زیادہ نمبردئے گئے حالانکہ وہ ان کی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر شمار کیے گئے پوائنٹس کے مطابق فہرست میں بہت نیچے تھے۔فہرست پر ایک نظر ڈالنے سے معلوم ہو گا کہ یہ تمام 06امیدوار، جو محکمہ کے افسران کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں، نے دوسرے منتخب امیدواروں کے مقابلے میں بہت زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں”۔
ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے دھر کی بنچ نے آج معاملہ کی سماعت کے دوران کہا، “اس سے واضح طور پر یہ تاثر ملتا ہے کہ انٹرویو کمیٹی محکمہ کے افسران/اہلکاروں سے متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں انہوں نے امیدواروں کو زیادہ نمبر دئے ہیں۔جس سے انتخابی عمل کے منصفانہ ہونے پر شک پیدا ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ، عدالت نے کہا، ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ درگمولہ زون سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کا انٹرویو ایک باضابطہ طور پر تشکیل شدہ سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ نہیں لیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا، “یہ فریقین کا ایک تسلیم شدہ معاملہ ہے کہ انٹرویو ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی جگہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے لیا تھا”۔
رہبرکھیل سکیم کے مطابق، سلیکشن کمیٹی میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمشنر اس کے چیئرمین، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر اس کے ممبر سیکرٹری اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ آفیسر اور زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر اس کے ممبران کے طور پر شامل ہیں۔
عدالت نے کہا،”اس طرح، امیدواروں کا انٹرویو ایک باضابطہ طور پر تشکیل شدہ سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ نہیں لیا گیا ہے کیونکہ اس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر نہیں کررہے تھے”۔
عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل کے اس اعتراض کو مسترد کردیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی منظوری تھی۔ بنچ نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اجازت اور ڈپٹی کمشنر کی منظوری کے باوجود انٹریو لینے کے اہل نہیں تھے اور اس سلیکشن کمیٹی کو نااہل نہیں کہا جا سکتا۔
عدالت نے مزید کہا،”ڈپٹی کمشنر کی موجودگی کے بغیر، سلیکشن ممبران کی کمیٹی کو ناقص قرار دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری کردہ اختیار جس پر درخواست گزاروں نے بھروسہ کیا ہے، کمیٹی کو انتخاب کرنے کی طاقت نہیں دے سکتی”۔ عدالت نے کہا، “اگر یہ مان لیا جائے کہ ڈپٹی کمشنر، کپواڑہ نے کوئی اس طرح کی اجازت، تب بھی اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیوں کہ اپنے اختیارات کسی دوسرے افسر کو سونپنا اس کی دائرہ اختیار میں نہیں تھا”۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ درخواست دہندگان کو عارضی انتخابی فہرست کی بنیاد پر بھرتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ حکام سے ہدایت حاصل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
عدالت نے مزید کہا،”یہ ایک طے شدہ قانون ہے کہ کسی امیدوار کا محض انتخاب ہی اسے کسی خاص عہدے پر تقرری کا حق نہیں دیتا اور نہ ہی کوئی امیدوار، جسے سلیکٹ لسٹ میں اپنا نام ملتا ہے وہ انتخاب کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے کسی اتھارٹی سے ہدایت حاصل کرنے کا حقدار ہوتا ہے۔ تقرری کے احکامات اس کے حق میں جاری کیے جاتے ہیں”۔
عدالت نے یہ کہتے ہوئے عرضی کو خارج کر دیا کہ “فوری معاملے میں،درخواست گزاروں کے انتخاب کو بھی حتمی شکل نہیں دی گئی تھی کیونکہ ان کا انتخاب اعتراضات کی وجہ سے عارضی تھا۔ ایک بار جب سرکاری جواب دہندگان نے اعتراضات پر غور کیا، تو انہوں نے عارضی انتخابی فہرست کو واپس لے لیا۔ یہ بات ان کی اہلیت اور دائرہ اختیار کے اندر تھی خاص طور پر اس حقیقت کے پیش نظر کہ یہ انتخاب ایک نااہل سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ کیا گیا تھا اور انتخاب کے عمل میں بڑی تعداد میں غلطیاں دیکھی گئی تھیں “۔