جی ایس آئی کے ماہرین نے صورتحال کا جائزہ لیا: ایس ڈی ایم ٹھاٹھری

یواین آئی

ڈوڈہ// جموں صوبہ کے ڈوڈہ ضلع کے ٹھاٹھری گاوں میں رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایس ڈی ایم ٹھاٹھری کے مطابق جیالوجیکل سروے انڈیا کے ماہرین نے علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہاکہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ ضلع کے ٹھاٹھری علاقے میں رہائشی مکانوں میں لمبی دراڑیں پڑنے کے بعد کم از کم 20کنبوں کے مکینوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پہاڑی دھنس جانے کے نتیجے میں رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑ گئی جس وجہ سے لوگوں میں خوف ودہشت کا ماحول ہے۔
ماہرین کی متعدد ٹیموں نے علاقے کا دورہ کیا اور وہاں پر صورتحال کا جائزہ لیا۔
ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اے زرگر نے بتایا کہ جیالوجیکل سروے انڈیا کے ماہرین نے علاقے میں کئی گھنٹوں تک جائزہ لیا۔
انہوں نے کہاکہ ماہرین کی ٹیم بہت جلد جموں وکشمیر انتظامیہ کو رپورٹ سونپے گی اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
ان کے مطابق فی الحال گاوں کو پوری طرح سے خالی کیا گیا اور لوگوں کو سرکاری عمارتوں میں رکھا گیا ہے۔
ایس ڈی ایم نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر نظر بنائے رکھی ہوئی ہے لہذا لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔