امرناتھ یاترا کے لئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا: ایل جی سنہا

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت یکم جولائی کو شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
ٹویٹس کی ایک سیریز میں ایل جی کے دفتر نے بتایا،” لیفٹیننٹ گورنر نے سالانہ امرناتھ یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پرویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پرتھم پوجا میں شرکت کی”۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے بابا امرناتھ کی مقدس گپھا کی یاترا زندگی کا خواب ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا،”جموں و کشمیر حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ یاتریوں کے بہترین اور پر سکون ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات میں قابل دید بہتری لانے کے لیے سرشار کوششیں کی گئی ہیں”۔
ایل جی نے یہ بھی کہا کہ امرناتھ شرائن بورڈ کے عہدیدار اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی ضروریات اور سہولیات کا خیال رکھا جائے۔
اُنہوں نے کہا،”ہم یاتریوں کے لیے بہتر سہولیات اور خدمات کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے مقامی باشندے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ اس سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا”۔