فیاض بخاری
بارہمولہ// محکمہ زراعت، دیہی ترقی اور پنچایت راج کے وزیر جاوید احمد ڈار نے کہا کہ اگرچہ کئی چیلنجز درپیش ہیں، حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ان کی پریشانیوں اور مشکلات کو دور کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی سوپور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ڈار نے عوام کو یقین دلایا کہ انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ حکومت انہیں کی ہے اور اقتدار میں موجود افراد ان کے اپنے لوگ ہیں۔
جاوید ڈار نے کہا کہ ہمیں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ یہ ابھی شروعات ہے اور ہمیں روشن مستقبل کی توقع رکھنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم ان کی بہتری کے لیے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے۔
وزیر نے سوپور کی فروٹ منڈی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منڈی نہ صرف شمالی کشمیر بلکہ پورے جموں و کشمیر کی خدمت کرتی ہے اور اس سے وابستہ افراد ہم سب کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منڈی ہماری قوم کا ایک اہم اثاثہ ہے اور علاقے کی 80 فیصد آبادی کا روزگار اسی منڈی سے جڑا ہوا ہے۔
جاوید ڈار نے اعتراف کیا کہ منڈی کی ترقی کے لیے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی اپنی ہے اور اقتدار میں موجود افراد انہی کے اپنے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی فروٹ منڈی کی ترقی میں رکاوٹ ڈالے گا اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر نے اعلان کیا کہ فروٹ منڈی کی ترقی کے لیے 9 کروڑ روپے کا پروجیکٹ جلد بحال کیا جائے گا اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پچھلی کوششوں سے خاطر خواہ نتائج نہیں مل سکے تھے، لیکن اس بار حکومت کی اولین ترجیح فروٹ منڈی کی ترقی ہوگی۔
انہوں نے منڈی کی بہتری کے لیے سب کو متحد ہونے اور مل کر کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کچھ افراد کی وجہ سے ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں آئیں، لیکن اب اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ یہ منڈی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔