عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/جموں و کشمیر پولیس نے پیر کے روز ضلع گاندربل میں ایک بڑی اور منظم کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر تلاشی مہم چلائی، جس کا ہدف کالعدم تنظیم جماعتِ اسلامی سے وابستہ افراد اور ان کی سرگرمیاں تھیں۔ یہ تنظیم غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA)کے تحت پابند ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، یہ ضلع گیر انسدادِ ملی ٹینسی اور انسدادِ علیحدگی پسند کارروائی مختلف علاقوں میں بیک وقت کی گئی، جس میں دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے بھی حصہ لیا۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جن میں بتایا گیا تھا کہ جماعتِ اسلامی سے وابستہ کچھ عناصر خفیہ ذرائع اور فرنٹ گروپوں کے ذریعے تنظیمی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تلاشی کارروائی کے دوران کافی مقدار میں قابلِ اعتراض موادبشمول دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور مطبوعہ مواد برآمد کیا گیا، جو براہِ راست کالعدم تنظیم سے منسلک پایا گیا۔ متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ان کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق، یہ کارروائیاں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اس کے نظریاتی، مالیاتی اور لاجسٹک روابط کو منقطع کرنا اور ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کی گاندربل میں جماعتِ اسلامی کے خلاف بڑی کارروائی