انسداد تجاوزات مہم:شوپیاں میں سابق وزیر کی چار دکانیں مسمار

File Photo

شوپیاں //جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں انتظامیہ نے سابق وزیر کی چار دکانوں کو مسمار کر دیا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سابق ممبر اسمبلی نے سٹیٹ لینڈ پر دکانوں کو تعمیر کیا تھا جنہیں جمعے کے روز مسمار کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز ضلع انتظامیہ شوپیاں نے مین چوک میں سرکاری زمین پر تعمیر کئے گئے چاردکانوں کو مسمار کیا ۔
محکمہ مال کے ایک سینئر آفیسر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سابق وزیر غلام حسن خان نے مین چوک شوپیاں میں سرکاری اراضی پر دکانیں تعمیر کی تھی جنہیں آج مسمار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیریل نمبر پانچ کے تحت یہ زمین خالصہ سرکار کے طورپر رونیو ریکارڈ میں درج ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر نے غیر قانونی طورپر سرکاری اراضی ہڑپ کی تھی ۔
مذکورہ آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے پہلے مرحلے پر بااثر اور اثر رسوخ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے گزشتہ دنوں نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کے ایک رہائشی مکان کو بھی مسمار کیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنےو الوں کے خلاف کارروائیوں میں آنے والے دنوں کے دوران شدت لائی جائے گی۔