نابالغوں سمیت 5نوجوانوں کو ملی ٹینسی میں شامل ہونے سے روک لیا گیا:پولیس

سری نگر//پولیس نے منگل کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں کم عمر بچوں سمیت پانچ نوجوانوں کو ملی ٹینسی میں شامل ہونے سے روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں عسکری صفوں میں شامل کرنے کیلئے جنگجووں کی ایک بڑی سرگرمی کا پتہ لگاتے ہوئے، بارہمولہ پولیس نے فوج کی 29آر آر کے ساتھ مل کر 5نوجوانوں کو عسکری صفوں میں شامل ہونے سے بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں 2نابالغ شامل ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق ،پاکستان میں مقیم جنگجووں کی جانب سے کچھ نوجوانوں کو عسکری تنظیموں میں شمولیت کے لیے اکسایا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے پرسیکورٹی فورسز نے پہلے ان نوجوانوں کا سراغ لگایا اور ان کے والدین کی مدد سے ان سے مسلسل پوچھ گچھ کی گئی۔ ان کے انکشاف پر معلوم ہوا ہے کہ یہ نوجوان عسکری تنظیموں میں بھرتی ہونے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹوں سے رابطے میں تھے۔ عسکریت پسندوں کے ہینڈلرز ان نوجوانوں کے ذہنوں کو بنیاد پرست بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان تمام لڑکوں کو مناسب مشاورت کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس اور فوج کشمیر کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور بنیاد پرست بنانے کے دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔