عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// کشمیر سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین عازمین حج عرفات اور مزدلفہ میں ہیٹ سٹروک کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئی ہیں۔
جموں و کشمیر کے ایک سینئر حج افسر نے بتایا کہ حج کے دوران شدید گرم درجہ حرارت سے کئی حاجیوں کی صحت متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا، “درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، اور بدقسمتی سے، کشمیر سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین حجاج عرفات اور مزدلفہ میں ہیٹ سٹروک سے جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں سے چار کا تعلق سرینگر اور ایک ضلع کولگام سے ہے۔ موت کے سرٹیفکیٹ جاری ہونا باقی ہیں”
عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب میں جاری مقدس حج کے دوران درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی بڑھ گیا، انہوں نے کہا کہ گرم موسم کے باوجود حجاج کرام اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدم رہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ متوفی حجاج کے ساتھ ان کے رشتہ دار بھی تھے اور اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ انہیں مکہ مکرمہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
حکام کے مطابقت رواں سال جموں و کشمیر کے 7000 سے زائد عازمین نے مکہ اور مدینہ میں فریضہ حج ادا کیا۔
ان میں سے تقریباً 6800 عازمین سرینگر ایمبریکیشن پوائنٹ کے ذریعے روانہ ہوئے، جب کہ 500 سے زائد عازمین نے دوسرے ہوائی اڈوں سے سفر کیا۔