عظمیٰ ویب ڈیسک
ہندواڑہ// شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ہندواڑہ پولیس نے ایک جعلی کمپیوٹر انجینئر کا روپ دھار کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم، جس کی شناخت عاطف قریشی کے طور پر ہوئی ہے، خود کو کمپیوٹر انجینئر کے طور پر ظاہر کر رہا تھا اور لوگوں کے ڈیٹا لیک ہونے کے خوف سے فائدہ اٹھا رہا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی طور پر متاثرین سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کے ذاتی ڈیٹا سے سمجھوتہ کیا گیا ہے اور انٹرنیٹ پر لیک کر دیا گیا۔ اپنے آپ کو ایک مددگار پیشہ ور کے طور پر پیش کرتے ہوئے، اس نے فیس کے عوض ان کا ڈیٹا انٹرنیٹ سے ہٹانے کی پیشکش کی۔ بدقسمتی سے، کچھ متاثرین، بے نقاب ہونے کے خوف سے، اس کے جال میں پھنس گئے اور اس کو بھاری رقومات دے دی۔
پولیس نے کہا کہ شکایت ملنے کے بعد اس کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔