امرناتھ یاترا کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی بی ایس ایف

سری نگر//بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل اشوک یادو نے ہفتہ کو کہا کہ پرامن امرناتھ یاترا کو یقینی بنانے کے لئے “مربوط سیکورٹی رسپانس گرڈ” قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دراندازی کی تمام ممکنہ کوششوں کو ناکام بنائے گی۔
نشاط سے ٹیولپ گارڈن تک بی ایس ایف کے زیر اہتمام واکتھون پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ بی ایس ایف اس سال پرامن اور ہموار امرناتھ یاترا کو یقینی بنائے گی۔
امرناتھ یاترا یوٹی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف نے ضرورت کے مطابق اپنے کردار کے لیے تیاریاں کی ہیں۔ ہمارے جوانوں کو اسٹریٹجک اور خطرناک مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفت کی صورت میں سہولت کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایل او سی پر صورتحال کے بارے میں، آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ ماضی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ برف پگھلنے کے بعد، دراندازی کے کچھ روایتی راستے کھل جاتے ہیں جو دراندازوں کے سرحد سے اس طرف گھسنے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔بی ایس ایف فوج کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائے گی کہ سرحد پار سے کسی طرح کی دراندازی نہ ہو سکے”۔
آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ فورس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور منشیات کے خاتمے کے لیے ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔