عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ اڑی سیکٹر میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ایک تصادم شروع ہوا۔
حکام نے ہفتہ کی شام کو بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز نے کچھ درانداز ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع کے بعد بجرنگ اوڑی سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تلاشی آپریشن کے دوران چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کی جوابی کاروائی کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔
دریں اثنا، فوج کی چنار کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “مخصوص اطلاع کی بنیاد پر، اوڑی سیکٹر میں دراندازی مخالف آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوں سے رابطہ قائم کیا گیا تھا اور آپریشن جاری ہے”۔
بتا دیں کہ 19 جون کو بارہمولہ ضلع کے رفیع آباد علاقے میں ایک تصادم میں لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ 17 جون کو آراگام بانڈی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا۔