عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے منگل کے روز پہلگام حملے کے میں جاں بحق ہونے والےواحد مقامی نوجوان عادل شاہ کے اہلِ خانہ کو ایک نیا تعمیر شدہ مکان فراہم کر دیا، یوں انہوں نے گزشتہ برس کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا۔
عادل شاہ ایک پونی والہ (گھوڑے والا) تھا، جو 22 اپریل 2025 کو بائسرن ویلی میں ہونے والے حملے میں 25 سیاحوں کے ساتھ جاں بحق ہو گیا تھا۔
شیو سینا نے حملے کی پہلی برسی کے موقع پر ضلع اننت ناگ کے ہاپتناڑ گاؤں میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ایکناتھ شنڈے نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ مہاراشٹر کے وزراء سنجے شرسات اور یوگیش رام داس قدم نے موقع پر موجود رہ کر مکان اہلِ خانہ کے حوالے کیا۔
عادشاہ کے والد سید حیدر شاہ نے کہا کہ وہ شنڈے کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے نہ صرف مالی مدد فراہم کی بلکہ مکان بنانے کا وعدہ بھی پورا کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے عادل کی اہلیہ اور چھوٹے بھائی کو روزگار فراہم کیا۔
سید حیدر شاہ نے کہاہم شنڈے جی کے بے حد مشکور ہیں۔ حادثے کے بعد انہوں نے اپنے نمائندے ہمارے گھر بھیجے، مالی مدد دی اور مکان بنانے کا وعدہ کیا، جو آج پورا ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شنڈے کی جانب سے رابطہ اور تعاون مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے ہمیں سری نگر بلا کر ملاقات کی، اور ان کی ٹیم آج بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہے۔ ان کے ایک ساتھی نے کہا کہ ‘ہم آپ کے بیٹوں جیسے ہیں… میں بھی آپ کا عدیل ہوں’، جو ہمیں حوصلہ دیتا ہے۔”
حیدر شاہ کا کہنا تھا اگرچہ خاندان کو حکومت کی جانب سے نوکری اور مالی امداد بھی ملی ہے، تاہم بیٹے کا نقصان کسی بھی چیز سے پورا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے اپنے بیٹے کی قربانی کو انسانیت کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہااس نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی، اس نے لوگوں کو بچانے کے لیے اپنی جان دے دی۔ اس نے مذہب نہیں دیکھا بلکہ انسانیت کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ عادل گھر کا سہارا تھا اور تمام ذمہ داریاں اسی کے کندھوں پر تھیں، لیکن یہ اللہ کی مرضی تھی۔ ہم اسے ہر لمحہ یاد کرتے ہیں، اس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
سید حیدر شاہ نے فخر سے کہا کہ ان کے بیٹے نے اپنی جان کی قربانی دے کر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی، جبکہ دیگر لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ گئے، مگر عادل نے دوسروں کو بچاتے ہوئے اپنی جان دے دی۔