ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی

سری نگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے غیر مقامی لوگوں کو یہاں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے فیصلے پر غور وخوض کرنے کے لئے 22 اگست یعنی پیر کو اپنی رہائش گاہ پر کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں بی جے پی کو چھوڑ کر جموں وکشمیر کی تمام سیاسی پارٹیوں کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے اور اس میں الیکشن کمیشن کے مذکورہ حالیہ فیصلے کے متعلق مستقبل کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ’ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو ایک میٹنگ کے لئے مدعو کیا ہے تاکہ ووٹر لسٹوں میں غیر مقامی افراد کو شامل کرنے کے جموں و کشمیر حکومت کے حالیہ اعلان پر تبادلہ خیال کیا جا سکے‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’انہوں نے ذاتی طور پر لیڈروں کے ساتھ بات کی اور انہیں 22 اگست پیر کو گیارہ بجے منعقد ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرنے کی دعوت دی‘۔
قبل ازیں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اس سلسلے میں ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی گذارش کی۔
قابل ذکر ہے کہ چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جموں و کشمیر میں امسال 20 سے 25 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر مقامی افراد (جن میں غیر مقامی مزدور، کرایہ دار ، طلبا وغیرہ شامل ہیں )کے ساتھ ساتھ مسلح افواج بھی ووٹر کے بطوراپنا اندراج کر ا سکتے ہیں۔