عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے گھروں کی مسماری کے واقعات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر شواہد، عدالتی حکم یا قانونی بنیاد کے کسی بھی خاندان کو گھر سے محروم کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتیں بلکہ کشمیری عوام کو مزید تکلیف اور بے گھر ہونے کے خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔
آغا روح اللہ نے اپنے بیان میں کہا:’گھروں کو گرانے سے نہ تو دہشت گردی کے متاثرین کو انصاف ملتا ہے اور نہ ہی امن قائم ہوتا ہے۔ این سی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ اصل مجرموں کا پتہ لگانے، ان کی شناخت کرنے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کے لیے ٹھوس اور منصفانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
ان کے مطابق غیرقانونی مسماریاں، اجتماعی سزائیں، بڑے پیمانے پر حراستیں اور دباؤ پر مبنی پوچھ گچھ جیسے اقدامات صورتحال کو بہتر بنانے کے بجائے کشمیر کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیں گے۔
ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب آج صبح پلوامہ میں دہلی دھماکے کے کلیدی ملزم کے گھر کو بارودی مواد سے منہدم کردیا گیا۔
کشمیر میں گھر گرانا انصاف نہیں، ظلم ہے: آغا روح اللہ مہدی