عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے وعدے کے مطابق، جمہوریت کی بحالی کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا کامیابی کے ساتھ انعقاد ہوا ۔
امت شاہ نے انتخابات میں شرکت کرنے والے یونین ٹیریٹری (یو ٹی) کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار 1980 کی دہائی میں دہشت گردی کے آغاز کے بعد، جموں و کشمیر کے لوگوں نے ایسے شفاف اور پرامن انتخابات کا مشاہدہ کیا اور بڑی تعداد میں انتخابات میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا، “جموں و کشمیر کے لوگ 1987 کے اسمبلی انتخابات کو اچھی طرح یاد رکھتے ہیں، جب کانگریس نے انتخابات میں دھاندلی کر کے جمہوریت کا مذاق بنایا۔ اب اسی کشمیر وادی میں جمہوریت کی بحالی ہو چکی ہے”۔
شاہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے ملک کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں پرامن اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا،”میں بے حد خوش ہوں کہ 1980 کی دہائی میں دہشت گردی کے آغاز کے بعد، جموں و کشمیر کے لوگوں نے ایسے شفاف اور پرامن انتخابات کا مشاہدہ کیا اور بڑی تعداد میں انتخابات میں شرکت کیــ”۔
شاہ نے کہا،”میں الیکشن کمیشن، جموں و کشمیر انتظامیہ، سیکیورٹی فورسز اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان تاریخی انتخابات کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔
بی جے پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جہاں کانگریس کے دور میں “دہشت کا راج تھا اور روزانہ جمہوریت کا قتل ہوتا تھا، بی جے پی کے دور میں جمہوریت کا عظیم تہوار پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا”۔
اُنہوں نے کہا،”لوگوں نے خوف اور دہشت کے بغیر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔ اس بے مثال تبدیلی کے لیے وزیراعظم جناب نریندر مودی کا دل سے شکریہ”۔
جموں و کشمیر اسمبلی کی 90 نشستوں کے لیے انتخابات 10 سال بعد اور دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد پہلی بار ہوئے۔
تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات یکم اکتوبر کو ختم ہوئے اور نتائج کا اعلان منگل کو کیا گیا۔