عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ تین ریاستوں میں بی جے پی کی جیت ’انڈیا اتحاد‘ کی شکست نہیں ہے، بلکہ کسی حد تک کانگریس کی ناکامی ہے۔
حضرت بل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ انڈیا اتحاد بالکل ناکام نہیں ہوا ہے، لیکن کچھ بیانات سامنے آئے ہیں، جن پر بات چیت کرکے اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی انتخابات اتحاد کی طرف سے نہیں لڑے گئے تھے، لیکن مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے طور پر مقابلہ کیا، اس طرح یہ اتحاد کی شکست نہیں ہے، بلکہ کسی حد تک انفرادی سطح پر کانگریس پارٹی کی ناکامی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمر نے کہا، ”وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو کوئی اطلاع ملی ہے یا نہیں، لیکن جہاں تک نیشنل کانفرنس کا تعلق ہے، اسے کل راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر عشائیہ کا دعوت نامہ ملا ہے“۔