کٹھوعہ :مویشی تسکروں کا پولیس پارٹی پر حملہ، ایک اہلکار زخمی

File Photo

جموں//جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں مویشی اسمگلروں نے پولیس پارٹی پر پتھراو کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
پولیس نے ہوا میں چند گولیوں کے راونڈ فائر کئے اور ایک اسمگلر کو موقع پر ہی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے چیک گھوٹا علاقے میں مویشی اسمگلروں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود مویشی اسمگلروں نے پولیس پر زبردست پتھراو کیا جس کے نتیجے میں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کلدیپ کمار زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ مویشی اسمگلروں پر قابو پانے کی خاطر پولیس نے ہوا میں چند راونڈ فائر کئے جس دوران ایک اسمگلر کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ایس پی کٹھوعہ شامی کمار نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کٹھوعہ کے چیک گھوٹا علاقے میں مویشی اسمگلروں نے پولیس پارٹی پر پتھراو کیا اور جواب میں پولیس نے دو سے تین راونڈ فائر کئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔