عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ // ڈوڈہ ضلع کے دیسہ علاقہ میں گزشتہ شب سیکورٹی فورسز و ملی ٹینٹوں کے درمیان ہوئی مسلح جھڑپ میں آرمی میجر، پولیس اہلکار سمیت 5 جوان جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 4 دیگر زخمی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس کے ایس او جی و سیکورٹی فورسز نے ڈوڈہ ضلع صدر مقام سے تقریباً 60 کلومیٹر کی دوری پر دیسہ بگن اڑن علاقے کا محاصرہ کر کے جنگل میں چھپے ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کی جس دوران شام 9 بجے کے قریب ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور پھر آدھے گھنٹے تک دونوں طرف سے شدید گولہ باری و فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں آرمی میجر سمیت کئی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا جہاں میجر سمیت اُن میں سے4 دیر شب دم توڑ گئے جبکہ ایس او جی اہلکار نے منگل کی صبح دم توڑ دیا ۔
سوشل نیٹ ورک ‘ایکس’ پر فوج کے وائٹ نائٹ کور نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ ضلع میں مسلح جھڑپ میں ہمارے جوانوں کو چوٹیں آئیں ہیں “تاہم ان کی موت کے حوالے سے سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس جھڑپ میں پولیس اہلکار سمیت مزید 5 جوان زخمی ہوئے ہیں تاہم اس کی بھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ اس جھڑپ کے بعد علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی مزید تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور جنگجووں کے خاتمے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل ڈوڈہ ضلع صدر مقام سے تقریباً 35 کلومیٹر کی دوری پر واقع گادی لال درمن علاقہ میں ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہوئے تھے تاہم پولیس و سیکورٹی فورسز نے ان کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا تھا وہیں ماہ کی 11 تاریخ کو سیکورٹی فورسز و ملی ٹینٹوں کے درمیان پہلی جھڑپ چھترگلہ بھدرواہ ہوئی تھی جس میں فوج و پولیس کے 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے اور ملی ٹینٹ موقع سے فرار ہوئے تھے۔
اسی کے دوسرے روز گندوہ علاقہ کے کوٹا ٹاپ میں ملی ٹینٹوں نے پولیس کی ٹیم پر فائز کھولا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا اور ملی ٹینٹوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگل میں پناہ لی تھی۔
ان جھڑپوں کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے ضلع کے مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیوں میں تیزی لائی اور چار ملی ٹینٹوں کے خاکے بھی جاری کیے اور ٹھیک دو ہفتے بعد 26 جون کو گندوہ کے سنو علاقہ میں مسلح جھڑپ میں پولیس و سیکورٹی فورسز نے 3 عدم شناخت جنگجوو¿ں کو مارگرایا تھا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار و دیگر گولہ بارود برآمد کیا تھا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔