کانگریس- نیشنل کانفرنس اتحادمضبوط ہے: ڈاکٹر شکیل احمد

سری نگر/آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے ترجمان ڈاکٹر شکیل احمد کا کہنا ہے کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان الائنس مضبوطی کے ساتھ عوام کے بیچ میں ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ عوام کے بیچ میں جو الائنس ہوتا ہے تو اگر اس میں کوئی پھوٹ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے تو لوگ اس کو رد کرتے ہیں۔
بتادیں کہ موصوف ترجمان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کانگریس لیڈر وقار رسول کے ایک الیکشن ریلی سے خطاب کے دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو ہدف تنقید بنانے پر کانگریس – نیشنل کانفرنس الائنس میں پھوٹ پڑنے کے آثار ظاہر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر شکیل احمد نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا: ‘ہمارا الائنس مضبوطی سے عوام کے بیچ میں ہے اور جو الائنس عوام کے بیچ ہوتا ہے تو اگر کوئی فرد اس الائنس میں پھوٹ میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے تو لوگ اس کی بات کو نہیں سنتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘بہت سے ایسے عناصر ہوتے ہیں خواہ نیشنل کانفرنس کی طرف سے ہوں یا ہماری طرف سے،ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا الائنس ہونے کے بعد تمام گفتگو ختم ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس دونوں سنجیدہ پارٹیاں ہیں اور سنجیدگی سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ تاریخ میں کھبی ایسا نہیں ہوا ہے کہ ریاستی درجہ چھینا گیا ہو بلکہ ریاست کا درجہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاہمیں جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی لڑائی بھی لڑنی ہے،ریاستی درجہ ہٹانے کے بعد یہاں باہر کے لوگوں کو ٹھیکے دئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاجموں وکشمیر کے لوگ سرکار کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں تاہم اب انہیں ایک ایسی سرکار چننے کا موقع ملا ہے جو جواب دہ ہو۔بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کانگریس ترجمان نے کہا کہ اس جماعت کے منشور میں لوگوں کی ترقی کے لئے کوئی نقشہ نہیں ہے۔انہوں نے کہایہ جماعت گذشتہ دس برسوں سے چل رہی ہے اور اس دوران لوگوں کو کوئی راحت نہیں ملی ہے بلکہ لوگوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ان کا کہنا تھاان دس برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں بے روز گاری بڑھ گئی ہے اور یہ ملک میں بے روزگاری کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
راہل گاندھی کی یاترا کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل احمد کا کہنا تھا: ؛اس یاترا سے جموں وکشمیر کے نوجوانوں میں اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے 11 ستمبر کو یہاں آنے والے ہیں اور وہ یہاں ایک جلسے سے خطاب کریں گے جس کے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھامیں چار دنوں سے ضلع اننت ناگ میں گھوم رہا ہوں یہاں ماحول اچھا ہے اور یہاں کے لوگ بدلائو چاہتے ہیں۔