ہندوستان کو 100 فیصد ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ہم وطن پانچ عہد لیں: مودی

یو این آئی

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی معاشرہ توقعات سے بھرا ہوا ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے ہمیں ‘پنچ پرن’ (پانچ عہد) لینے ہوں گے، جن کی بنیاد پر 100 فیصد ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر ہوگی جو ترقی کے ہر امتحان پر پورا اترے گا اور جس کا مرکز انسانیت ہو گی۔

پیر کو 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اپنے نویں خطاب میں مسٹر مودی نے کہا کہ ملک کا نوجوان توقعات سے بھرا ہوا ہے اور امنگوں کا طوفان ہے۔ وہ اب انتظار نہیں کرنا چاہتا اور ترقی یافتہ ملک کے آزادی پسندوں اور شہداء کے خواب کو اپنے سامنے پورا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے طویل عرصے تک انتظار کیا لیکن نوجوان نسل اب آنے والی نسل کو اس کا انتظار کرانے کے لئے مجبور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آزادی کے امرت دور کے پہلے دن میں دیکھ رہا ہوں کہ ہندوستان کے لوگ امنگوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہر آدمی حالات کو بدلتا دیکھنا چاہتا ہے اور وہ اس تبدیلی کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج امرت کال کی پہلی صبح وہ نوجوان نسل سے ملک کو مکمل ترقی یافتہ قوم بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے امرت کال کے 25 سال بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا، “ہمیں ان برسوں میں اپنی طاقت پنچ پرن پر مرکوز کرنی ہوگی، ہمیں اپنی طاقت کو مرکوز کرنا ہے اور ہمیں ان پنچ پرنوں کو لے کر 2047 تک آزادی کے دیوانوں کے تمام خوابوں کو پورا کرنے کی ذمہ داری لیکر چلنا ہوگا۔