پی ایس اے کے تحت گرفتار مبلغین انتباہ کے باوجود نوجوانوں کو اکسا رہے تھے: وجے کمار

سری نگر// کشمیر کے ایڈیشنل ڈپٹی جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) وجے کمار نے ہفتہ کے روز کہا کہ پی ایس اے کے تحت گرفتار اور دیگر کئی مذہبی مبلغین نوجوانوں کو بھڑکا رہے ہیں حالانکہ انہیں کئی بار وارننگ دی گئی تھی۔
بارہمولہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وجے کمار نے کہا کہ انہوں نے ان لوگوں کو کئی بار خبردار کیا تھا، لیکن وہ باز نہیں آئے۔
انہوں نے کہا، “اطلاعات ہیں کہ مزید کچھ علما بھی ایسا ہی کر رہے ہیں لیکن مناسب ثبوت ملنے کے بعد ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا جائے گا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس ان کو روکنے کے لیے دیگر قانونی آپشنز موجود ہیں، جب کہ کچھ کو وارننگ دی جا رہی ہے اور باز آ جانے پر انہیں چھوڑ دیا جا رہا ہے، تاہم، پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) آخری آپشن ہے جب کوئی غلط عمل میں مسلسل ملوث رہتا ہے۔
وجے کمار نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا صرف پولیس کا فرض نہیں ہے بلکہ لوگ بھی پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چند سالوں کے دوران حالات پرسکون رہے جبکہ سیاحوں نے بھی اچھی تعداد میں وادی کا دورہ کیا اور انٹرنیٹ خدمات بھی بند نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ “پرسکون صورتحال سے سب کو فائدہ ہوتا ہے اور یہ گزشتہ چند سالوں میں ثابت ہوا ہے”۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں کئی مذہبی علماء کو گرفتار کیا گیا اور ان میں سے چند کے خلاف PSA کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔