یواین آئی
بڈگام// جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں دو سارقوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 7دسمبر کو پولیس پوسٹ موچھوا میں وکاس کمار پنڈت ولد رام لال پنڈت ساکن ہندو محلہ کرالہ پورہ چاڈورہ نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ وہ چاڈورہ سے گھر کی طرف آرہا تھا کہ اسی اثنا میں نامعلوم افراد نے ان سے 12.5لاکھ روپیہ مالیت کے طلائی زیورات چرا کر فرار ہوئے۔
شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 253/2023کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
موصوف ترجمان کے مطابق پولیس نے پیشہ وارانہ اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر دو ملزمان کو پہلگام اننت ناگ سے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپیہ مالیت کے طلائی زیورات برآمد کئے۔
ملزمان کی شناخت اعجاز احمد خان ولد غلام الدین خان ساکن باغ مہتاب سری نگر اور شوکت احمد خان ولد بلال احمد ساکن باغ مہتاب کے بطور کی گئی ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہتے ہوئے کہاکہ ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔