بڈگام میں نابالغ کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ، اہل خانہ کا قتل کا الزام

عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام// وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے کیچواری میں ایک نابالغ لڑکے کی لاش پراسرار حالت میں ملی ہے جبکہ اہل خانہ نے قتل کا الزام لگایا ہے۔نیوز اوبزرور نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک نابالغ لڑکا پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا جس کی گردن پر کچھ نشانات تھے۔
اس کی شناخت ذیشان احمد کالس ولد بلال احمد کالس ساکن کیچواری خان صاحب کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثناء لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ رات کے وقت کچھ نامعلوم افراد زبردستی گھر میں گھس آئے اور ان کے بیٹے کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا اور گلا کاٹ دیا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ نابالغ کی لاش کو طبی و قانونی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا اور کیس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔