عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری// صحت عامہ کی خدمات میں جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے سب ڈویژن ہسپتال درہال کے اچانک معائنہ کے بعد بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) درہال کو معطل کر دیا۔
سردیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کیے گئے اس معائنہ میں انکشاف ہوا کہ ایک ڈاکٹر اور ایک ٹیکنیشن کے علاوہ ہسپتال کا پورا عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے فوری کاروائی کرتے ہوئے بی ایم او درہال کو معطل کر کے انہیں چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) راجوری کے دفتر سے منسلک کر دیا۔
مزید، سی ایم او راجوری کو بی ایم او درہال کا اضافی چارج دیا گیا ہے تاکہ علاقے میں صحت کی خدمات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔
اس دوران، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) ڈاکٹر راج کمار ٹھاپا کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو غفلت برتنے والے افسر کے خلاف تحقیقات کریں گے۔ انکوائری آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل تحقیقات کر کے تین دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ سردیوں کے نازک مہینوں میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور خبردار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود پر اثر انداز ہونے والی کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔