فیاض بخاری
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے سنگھ پورہ پٹن علاقے میں گورنمنٹ بائز ہائی سکول کے طلباءکو مشکل وقت کا سامنا ہے کیونکہ حالیہ بارشوں کے بعد اسکول کے احاطے زیر آب آیا ہوا ہے۔
طلباءنے کہا ، “یہ ایک معمول بن گیا ہے اور بعض اوقات، یہاں تک کہ کلاس رومز میں پانی بھر جاتا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ سوموار کو دو ماہ کے تعطیل کے بعد، جب طلباءسکول پہنچے تو انہیں اپنے جوتے اور موزے اتار کر پانی سے گزر کر اپنی کلاس رومز تک پہنچنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ صحن میں پانی جمع ہونے سے 300 سے زائد طلباءکو مشکلات درپیش آرہے ہیں تاہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ جس کے یہاں کافی عرصے سے پانی جمع ہونے سے بیماریاں پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
طلاب کا کہنا تھا کہ حکام صورتحال سے آگاہ ہیں اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ “جب بھی بارش ہوتی ہے، پانی بھر جاتا ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ یہ ٹھہرا ہوا پانی نکالا جائے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ 2022 سے برقرار ہے۔اس سلسلے میں سکول کے پرنسپل نے کہا کہ وہ حال ہی میں اس سکول میں تعینات ہوئے ہیں لیکن وہ متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
ادھر، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سنگھ پورہ پٹن حکیم عاقب نے بتایا کہ وہ سکول کا دورہ کریں گے اور طلباءاور اساتذہ کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے اور معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ بلبیر سنگھ نے کہاکہ دراصل مقامی باشندوں نے سکول کے ارد گرد ڈرینج سسٹم کو ناکارہ بنادیا ہے اسی وجہ سے سکول کے صحن میں پانی جمع ہوا ہے تاہم وہ اس مسئلے کو جلد از جلد حال کریں گے۔