انسداد تجاوزات مہم لوگوں کو بے گھر کرنے کا ہتھیار: محبوبہ مفتی

سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ جموں وکشمیر میں جاری انسداد تجاوزات مہم بی جے پی حکومت کا ایک اور ہتھیار ہے جس کو لوگوں کو گھر سے بے گھر کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کے خلاف متحد ہوجائیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا: ’یہ جی جے پی حکومت کی طرف سے استعمال کیا جانے والا ایک اور ہتھیار ہے تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو گھر سے بے گھر کیا جائے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’جس طرح یو اے پی اے، پی ایس اے، این آئی اے،ای ڈی وغیرہ کو استعمال کیا جا رہا ہے اسی طرح اس مہم کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ’چین نے20 ہزار مربع کلو میٹر اراضی پر قبضہ کیا ہے حکومت کو چاہئے کہ پہلے وہ چھڑا لے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں سے کچھ مہاراجہ ہری سنگھ کے زمانے سے ہیں ئجیسے نیڈوز وغیرہ ہیں۔
ان کا دعویٰ تھا: ’پہلے یہاں ہندو اور مسلمانوں اور گجر بکروالوں کو آپس میں لڑیا گیا اور اب امیروں اور غریبوں کے درمیان لڑیایا جا رہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے میں لوگوں سے اپیل کرتی ہوں کہ جس طرح لداخ کے لوگ متحد ہوگئے اسی طرح جب تک جموں وکشمیر کے لوگ متحد نہیں ہوں گے تب تک وہ ان جیسےمصیبتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا: ’تماشائی نہیں بننا ہے بلکہ اپنے مسائل لے کر آگے آنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ راج بھون اور بادامی باغ چھاونی بھی سرکاری اراضی پر ہے۔