عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بڈگام ضمنی انتخاب میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی حیران کن کامیابی کے بعد نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے ایک قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی جماعت کے لیے ایک معنی خیز اور اخلاقی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سورۃ الاعراف کی آیت نمبر 146 کا حوالہ دے کر تکبر، غلط روش اور عدمِ بصیرت کے نتائج پر روشنی ڈالی۔سیاسی مبصرین اس پوسٹ کو نیشنل کانفرنس کی بڈگام میں تاریخی شکست کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں، جہاں پارٹی کی اس نشست پر چھ دہائیوں بعد پہلی مرتبہ ہار نے تنظیم کے اندرونی اختلافات اور قیادت کے فیصلوں پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ آغا روح اللہ پہلے ہی انتخابی مہم سے دور رہے تھے، اور آج کی یہ پوسٹ پارٹی کے اندر ایک معنوی اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آغا روح اللہ کا یہ پیغام نہ صرف سیاسی تبصرہ ہے بلکہ پارٹی قیادت کو خود احتسابی، عاجزی اور عوامی احساسات کو سمجھنے کی دعوت بھی ہے۔ ان کے مطابق قرآنی حوالہ استعمال کر کے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی تکبر، عوامی جذبات سے بیگانگی اور غلط روش پر اصرار کسی بھی جماعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔آغا روح اللہ کی یہ پوسٹ بڈگام کے نتیجے کے بعد نیشنل کانفرنس میں پیدا شدہ خاموش بےچینی کی مزید ترجمانی کرتی ہے، جبکہ دوسری جانب پی ڈی پی اس جیت کو اپنی سیاسی ساکھ کی بحالی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
بڈگام میں تاریخی شکست کے بعد آغا روح اللہ کی معنی خیز تنبیہ’ تکبر زوال کی پہلی سیڑھی‘