فیاض بخاری
پٹن// شمالی کشمیر کے پٹن علاقے میں ہفتہ کی دوپہر ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ پٹن کے تاپر علاقے میں ایک موٹر سائیکل نمبر JK09-7294 کو ایک نامعلوم تویرا گاڑی نے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے موٹرسائیکل مخالف سمت سے آ رہی ایک اور گاڑی کی زد میں آ گیا، جس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ موقع پر موجود لوگوں نے زخمیوں کو ٹراما ہسپتال پٹن منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُنہیں مردہ قرار دے دیا۔
ایک اہلکار نے دونوں مرنے والوں کی شناخت عبدالرحمان قریشی (عمر 26) ولد ارشاد احمد قریشی ساکنہ ہریدوار اور انیش سونی (عمر 28) ولد راجندر سنگھ ساکنہ پنجاب کے طور پر کی ہے۔
ادھر، پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔