عظمیٰ ویب ڈیسک
مینڈھر// جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے پولیس تھانہ اے سی بی راجوری میں جے اینڈ بدعنوانی روک تھام ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سابق بی ڈی او مینڈھر اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ اے سی بی نے آر پی سی اور بدعنوانی روکتھام ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت یہ مقدمہ مینڈھر کے سابق بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) آفتاب احمد کے ساتھ ساتھ محکمہ دیہی ترقی (آر ڈی ڈی) مینڈھر کے دیگر عہدیداروں اور متعدد مستفیدین کے خلاف درج کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی پنچایت حلقہ گلہوتہ کانگڑا، بلاک مینڈھرسے بی ڈی او اور دیگر کے خلاف تحریری شکایت ملنے کے بعد شروع کی گئی۔ شکایت میں جھوٹے واوچرز اور ریکارڈ کے ذریعے غیر مکمل کاموں کے لیے فنڈز کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مالی سال 2018-19 کے لیے منریگا کے تحت کئے جانے والے کاموں کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ محکمہ دیہی ترقی کے عہدیداروں نے مستفیدین کے ساتھ سازش کرتے ہوئے پروٹیکشن دیواروں کی تعمیر اور ٹائل کے کام کے لیے 5,036 روپے اور 1,11,005 روپے کی اضافی مزدوری کی ادائیگی جاری کی۔ مزید، غیر موجود ٹائل کے کام کے لیے 67,704 روپے کی ادائیگی جاری کی گئی۔
اے سی بی ترجمان نے کہا کہ کل 1,83,745 روپے کی رقم کا غلط استعمال کیا گیا ہے، جس میں 1,16,041 اضافی ادائیگی کے طور پر اور 67,704 غیر موجود کاموں کے لیے خرچ کئے گئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ادائیگیاں مناسب دستاویزات کے بغیر کی گئیں ہیں جو کہ سرکاری عہدوں کے جان بوجھ کر غلط استعمال کی نشاندہی کرتی ہیں۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔