اراضی اِصلاحات ایکٹ کی بعض دفعات میں ترمیم کو منظوری زرعی اصلاحات ایکٹ کی سیکشن 6،7اور 12 کے تحت سرکاری اراضی رکھنے والوں کیلئے بڑی راحت

جموں//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں زرعی اِصلاحات ایکٹ 1976 کے سیکشن 21 اور سیکشن 28۔اے میں ترمیم کرنے کے لئے محکمہ ریونیو کو اِختیار دینے کے لئے منظور ی دی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شرکت کی۔
مجوزہ ترامیم ایکٹ کے سیکشن 6،7اور 12کے تحت دی گئی اَراضی کی منتقلی پر پابندی ختم کردیںگی اور اس اراضی کو مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 8 کے تحت دی گئی زمین کے برابر لایا جائے گا۔مجوزہ ترمیمی بِل کو قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کے لئے مرکزی حکومت وزارت داخلہ کو پیش کیا جائے گا۔ اِس قانون سے ایسے زمینداروں کے لئے ایک بڑی راحت ہوگی جو زرعی اِصلاعات ایکٹ کے سیکشن 6،7اور 12 کے تحت اَراضی پر قبضہ کرچکے ہیں کیوں کہ اِس سے وہ اَپنی زمین کے پارسل بیچ سکیں گے جو پہلے زرعی اِصلاحات ایکٹ 1976 کے تحت ممنوع تھے۔
اِس ترمیم سے فائنانشل کمشنر ریونیو کو نظر ثانی کا اِختیار بھی ملے گا جو عوام کے وسیع تر مفاد میں مذکورہ ایکٹ کے پیدا ہونے والے مقدمات کو نمٹانے میں سہولیت فراہم کرے گا۔