اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظرعام آدمی پارٹی نے جموں وکشمیر یونٹ تحلیل کر دیا

File Photo

نئی دہلی// جموں وکشمیر میں مستقبل قریب میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے پیر کے روز جموں و کشمیر یونٹ کو تحلیل کر دیا تاکہ اس کے ڈھانچے کو نئے سرے سے ترتیب دیا جا سکے۔
پارٹی کے الیکشن انچارج عمران حسین نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا، “عام آدمی پارٹی کی نئی جموں و کشمیر یونٹ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا”۔
عمران حسین نے مزید بتایا، ـ”جموں و کشمیر میں آنے والے انتخابات اور حد بندی کی تکمیل کے پیش نظرعام آدمی پارٹی جموں و کشمیر میں گاؤں/بوتھ کی سطح تک اپنی تنظیم کی تشکیل کے عمل میں ہے”۔
ایک بیان میں، پارٹی نے کہا کہ جموں و کشمیر یونٹ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ ملک بھر میں پارٹی کے توسیعی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر لیا گیا ہے۔
پارٹی نے اپنے جموں و کشمیر یونٹ کی تنظیم نو کے لیے انتخابی کمیشن کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے عمل کو آگے بڑھایا ہے۔
بتا دیں کہ رواں ماہ کے آغاز میں، پولنگ پینل نے جموں و کشمیر میں حد بندی کی مشق کے بعد انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا آغاز کیا۔
الیکشن کمیشن جموں و کشمیر کی حتمی انتخابی فہرستیں 31اکتوبر کو شائع کرے گا، جو کہ حد بندی کی مشق میں اسمبلی سیٹوں کی حدود کو دوبارہ تیار کرنے کے بعد یونین ٹیریٹری کی پہلی ووٹر لسٹ ہے۔
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کو لکھے گئے خط میں پول پینل نے 31اکتوبر کو ووٹر لسٹوں کی حتمی اشاعت سے قبل مختلف سرگرمیوں کو مکمل کرنے کا ٹائم لائن دیا ہے۔
اس سال کے شروع میں پنجاب اسمبلی انتخابات میں اپنی شاندار جیت سے خوش ہو کر، اروند کیجریوال کی زیرقیادت پارٹی ملک بھر میں اپنی بنیاد کو بڑھانے کے لیے کو ششیں کر رہی ہے، جس میں ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں اگلے دو سالوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
ایک طرف جہاں جموں و کشمیر میں پارٹی کی توسیع کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، وہیں سابق ریاستی وزیر یش پال کنڈل، سابق رکن اسمبلی بلونت سنگھ منکوٹیا، ڈی ڈی سی ممبر ترنجیت سنگھ ٹونی اور سابق کانگریس لیڈر سریندر سنگھ شنگاری اپریل میںعام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے۔
ان نمایاں چہروں کے ساتھ، سو سے زیادہ مقامی لیڈران بشمول پنچائتی نمائندگان بھی 8اپریل کو پارٹی میں شامل ہوئے۔
مئی میں،سابق وزیر تعلیم ہرش دیو سنگھ، جو نیشنل پینتھرس پارٹی کے چیئرمین بھی تھے، عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے۔ ان کے ساتھ جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے ریاستی صدر راجیش پرگوترہ، ریاستی سکریٹریز گگن پرتاپ اور پرشوتم کے ساتھ ساتھ اس کی دہلی یونٹ کے سربراہ سریش ڈوگرہ نے بھی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں7مئی کو عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔