ایم سی ڈی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت، قومی راجدھانی میں اے اے پی کی پہلی ‘ڈبل انجن’ حکومت

نئی دہلی//ایم سی ڈی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت، قومی راجدھانی میں اے اے پی کی پہلی ‘ڈبل انجن’ حکومت بننے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے بدھ کو 250 وارڈوں میں سے 126 جیت کر اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیا جس سے کارپوریشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا پچھلے 15 سالوں سے برتری ختم ہوگئی۔
تمام وارڈز کے نتائج ابھی تک موصول نہیں ہوئے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق ایم سی ڈی انتخابات میں اے اے پی نے 126 اور بی جے پی نے 97 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ کانگریس نے سات اور دیگر کو تین پر کامیابی حاصل کی ہے۔ تمام نتائج شام تک آنے کی امید ہے۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اس موقع پر ٹویٹ کیاکہ “ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی پر اعتماد کرنے کے لیے دہلی کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ۔ دنیا کی سب سے بڑی اور منفی پارٹی کو شکست دے کر دہلی کے عوام نے ایماندار اور محنتی اروند کیجریوال جی کو جتوایا ہے۔ ہمارے لیے یہ صرف ایک فتح نہیں ہے، یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن دہلی کی تین میونسپل کارپوریشنوں کو ملا کر دوبارہ تشکیل دی گئی ہے۔ پہلے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے الگ الگ میئر ہوا کرتے تھے لیکن اب صرف ایک میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ وارڈوں کی حد بندی اسی سال کی گئی تھی۔ پہلے کل 272 وارڈ تھے، حد بندی کے بعد ان کی تعداد 250 رہ گئی ہے۔