تازہ ترین

سرینگر میں ایڈوکیٹ بابر قادری گولیاں مار کر جاں بحق

سرینگر// نامعلوم بندوق برداروں نے جمعرات کی شام وادی کے معروف وکیل بابر قادری کو سرینگر میںگولیاں مارکر جاں بحق کیا۔  نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے حول علاقے میں پیش آیا جہاں بابر پر نزدیک سے گولیاں چلائی گئیں۔ بابر کو گولیاں لگتے ہی سکمز صورہ پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ اسپتالی ذرائع نے بابر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔  

کپوارہ میں فوجی گاڑی کو حادثہ،مزدور جاں بحق،3فوجیوں سمیت7زخمی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ میں جمعرات کو ایک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ تین فوجی اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ حادثہ کپوارہ قصبہ سے25کلو میٹر دوربری بہک میں پیش آیا۔ اس حادثے میںایک مزدور جس کی شناخت دولت حسین ولد امردین ساکن مرساری کے طور ہوئی، موقع پر ہی جاں جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں تین فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جن کی شناخت صوبیدار این ایس نمبلکر، حوالدار ایس پی سنپ اور سپاہی سولے چندرکانت کے طور ہوئی ہے ۔زخمی اہلکاروں کو درگمولہ میں قائم فوجی اسپتال لیجایا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے مزدوروں میں نوید احمد خان،جاوید احمد خان، اشفاق احمد خان ساکنان مارساری اور ارشاد احمد کٹاریہ ساکن تومنہ شامل ہیں جنہیں پہلے سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ اور بعد میں ضلع اسپتال ہنداورہ لیجایا گیا۔

ترال معرکہ آرائی میں جاں بحق جنگجو البدر سے وابستہ تھا:پولیس

سرینگر//جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں جمعرات کی صبح جو جنگجو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوا وہ البدر تنظیم سے وابستہ تھا۔ ایک سینئر پولیس آفیسر کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی جی این ایس نے لکھا کہ عرفان احمد ڈار ساکن گڈی کل نامی یہ جنگجو معرکہ آرائی کے دوران ابتدائی فائرنگ میں ہی جاں بحق ہوگیا اور اس نے اسی سال20اگست کو جنگجوﺅں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مذکورہ پولیس آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ ایک شہری کے ذریعے عرفان کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی جو اس نے مسترد کی۔ اطلاعات کے مطابق فوج اور پولیس نے آج صبح مچہامہ نامی علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران ایک معرکہ آرائی میں عرفان نامی جنگجو جاں بحق ہوگیا۔

ملک میں86508 نئے کورونا متاثرین، تعداد5732519

نئی دلی// مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کو جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 86508 نئے کیس سامنے آئے ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد5732519 ہوگئی۔ وہیں اس مہلک وائرس کی وجہ سے 1129 مریضوں کی ہلاکت سے ہلاک شدگان کی تعداد 91،149 ہوگئی۔  دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا سے اب تک تقریبا 9.75 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جب کہ تقریبا 3.17 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد6933548 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 201844افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  

دنیا میں کورونا وائرس سے 9.75 لاکھ اموات ، 3.17 کروڑ متاثر

واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا سے اب تک تقریبا 9.75 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جب کہ تقریبا 3.17 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں31779835 افراد متاثر اور975104 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد6933548 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 201844افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  

شمالی کشمیر کے لولاب میں حادثہ، نوجوان لقمہ اجل، دو دیگر زخمی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ کے لولاب علاقے میں جمعرات کو ایک25سالہ نوجوان جاں بحق اور دو دیگر اُس وقت زخمی ہوگئے جب ایک ٹریکٹر، جس میں وہ سوار تھے اُلٹ گیا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ حادثہ لولاب کے تھاین کلاروس میں آج صبح پیش آیا۔  جاں بحق نوجوان کی شناخت فاروق احمد میر ولد غلام قادر میر ساکن تھاین کلاروس کے طور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 24سالہ منظور احمد ڈار ولد غلام سول ڈار اور بشیر احمد میر ولد محمد اکبر میر شامل ہیں جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔  

وسطی کشمیر کے بڈگام میں جنگجویانہ حملے میں زخمی سی آر پی ایف اہلکار چل بسا

سری نگر// وسطی ضلع بڈگام کے بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح جنگجوﺅں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا۔ حملہ آور مہلوک اہلکار سے اس کی سروس رائفل بھی چھین کر لے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح قریب پونے آٹھ بجے موٹر سائیکل پر سوار جنگجوﺅں نے 117 بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی طرف پہلے گرینیڈ پھینکا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے میں مذکورہ اہلکار زخمی ہوگیا اور اسے 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔  

سرینگر کے مختلف مقامات پر این آئی اے کے تازہ چھاپے

سرینگر//قومی تحقیقای ایجنسی (این آئی اے ) نے جمعرات کی صبح سرینگر کے متعدد علاقوں میں چھاپے مارے۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق این آئی اے کے ہمراہ سی آر پی ایف اور پولیس اہلکار بھی تھے اور انہوں نے ظہور احمد بٹ ساکن وزیر باغ،بشیر احمد لون ساکن ہوکر سر، عارف احمد مسگر اور فضل حق ساکنان باغ سندر چھتہ بل کے مکانات پر چھاپے مارے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سبھی شہری کراس ایل او سی تجارت کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کم و بیش30 کشمیری تاجروں اور علیحدگی پسندوں کو گرفتار کر رکھا ہے اور ان پر جنگجوﺅں کی فنڈنگ کا الزام ہے۔ کراس ایل او سی تجارت مارچ2019سے معطل ہے۔  

وسطی کشمیر کے چاڈورہ میں جنگجو سی آر پی ایف اہلکار کو زخمی کرکے اس کی بندوق لیکر فرار

سرینگر//وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوﺅں کے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگیا اور حملہ آور اُس کی بندوق چھین کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ چاڈورہ کے کیسر ہامہ علاقے میں پیش آیا جس کے بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔  نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں نے سی آر پی ایف پارٹی کو حملے کا نشانہ بناکر ایک اہلکار کو زخمی کردیا۔اس موقع پر جنگجوﺅں نے مذکورہ اہلکار کی بندوق چھین لی اور راہ فرار اختیار کی۔ زخمی اہلکار کو 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔  

جنوبی کشمیر کے ترال میں معرکہ آرائی، ایک جنگجو جاں بحق،فورسزآپریشن جاری

سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں جمعرات کی صبح ایک جنگجو اُس وقت جاں بحق ہوگیا جب جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی ہوئی۔یہ واقعہ ترال کے مچہامہ علاقے میں پیش آیا جہاں فورسز آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے ابتدائی مرحلے پر ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ اس سے قبل فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے مچہامہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔

اُوڑی بونیار میں12سالہ بچہ دریائے جہلم میں ڈوبنے کے بعد لاپتہ

اُوڑی//شمالی ضلع بارہمولہ کے اُوڑی میں بدھ کو ایک12سالہ بچہ دریائے جہلم میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا۔یہ واقعہ اُوڑی کے بونیار علاقے میں پیش آیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت شاہد احمد ولد مرحوم نور محمد کنیال ساکن نوشہرا ،اُوڑی کے طور ہوئی ہے۔ ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ مذکورہ بچہ اپنے دوستوں کے ہمراہ نہا رہا تھا جس کے دوران وہ غرقآب ہوکر لاپتہ ہوگیا۔ ایس ڈی پی او اُوڑی جنید والی کے مطابق بچے کی تلاش جاری ہے۔  

راجیہ سبھا کی کاروائی کورونا وبا کے پیش نظر غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

نئی دہلی// کورونا کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر راجیہ سبھا کے 252 ویں اجلاس کی کارروائی بدھ کو مقررہ مدت سے قبل غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مان سون اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے سے قبل اپنے اختتامی بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کے پیش نظر ایوان کی کارروائی متعینہ مدت یکم اکتوبر سے پہلے آج ہی ملتوی کی جارہی ہے۔ سیشن کا آغاز 14 ستمبر کو خصوصی حفاظت اور صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کے ساتھ کیا گیا تھا۔  نائیڈو نے کہا کہ متعینہ شیڈول کے مطابق اس اجلاس میں ایوان کی 18 میٹنگیں ہونی تھیں لیکن صرف 10 میٹنگیں ہوسکی ہیں۔ انہوں نے اجلاس کی کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن ایوان میں حزب اختلاف کے رویے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظ

شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں بزرگ شہری ریچھ کے حملے میں زخمی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے میں بدھ کو ایک65سالہ شہری ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگیا۔ حکام نے زخمی شہری کی شناخت ولی محمد شیخ ولد حبیب اللہ شیخ ساکن ڈولی پورہ تحصیل ویلگام ہندوارہ کے طور کی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شہری آج صبح اپنے گھر کے باہر تھا جب ریچھ اُس پر حملہ آور ہوا۔ ایس ایچ او ویلگام محمد اسماعیل نے نیوز ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ زخمی شہری کو علاج و معالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔  

ملک میں کوروناوائرس کے83347نئے کیس، تعداد5646011

نئی دہلی//مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی طرف سے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے83347 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور اس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد5646011ہوگئی۔  عالمی وبا ئی وائرس کی وجہ سے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مہاراشٹر ، کرناٹک اور اتر پردیش میں 552 اموات ہوئیں ، جو اس دوران ملک میں کل 1085 اموات کا 50.86 فیصد ہے۔ مہاراشٹر میں ، اس عرصے کے دوران کوویڈ 19 کے 392 مریضوں کی موت ہوگئی ، وہیں کرناٹک میں 83 اور اترپردیش میں 77 افراد کی اس سے موت ہوئی ہے۔

پلوامہ میں فورسز پر جنگجوﺅں کی فائرنگ،کوئی نقصان نہیں

سرینگر//مشتبہ جنگجوﺅں نے بدھ کو جنوبی قصبہ پلوامہ میں فورسز کی ایک پارٹی پر حملہ کیا تاہم اس واقعہ میں کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔  نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں نے فورسز پر قصبہ میں گولیاں چلاکر حملہ کیا جس کے فوراً بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک تلاشی آپریشن جاری تھا  

پولیس کے550سے زیادہ افسران کی ترقی اور ریگو لرائزیشن کے احکامات صادر

سرینگر//جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو 550سے زیادہ پولیس افسران کی ریگو لرائزیشن اور ترقی کے احکامات صادر کئے۔ان میں ایس پی اورڈی ایس پی رینک کے افسران بھی شامل ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرکے تین دہائیوں پرانا سینئارٹی سے متعلق تنازع حل ہوگیا ہے ۔ بیان کے مطابق ایل جی سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس ملی ٹنسی کیخلاف اول صف میں کھڑا ہے اور یہ قانون کا احترام کرنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ فی الوقت ایسے 550سے زیادہ افسران کی ریگولرائزیشن یا ترقی عمل میں لائی گئی ہے جن کے کیس2007سے التواءمیںپڑے ہوئے تھے۔ان میںایسے 440ایس پی اور ڈی ایس بھی شامل ہیں جو اس وقت اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔      

پونچھ میں کنٹرول لائن پر تین سیکٹروں میں بھارتی چوکیوں پر پاکستان کی شیلنگ

سرینگر//حکام نے بدھ کو کہا کہ پاکستان کی افواج نے پونچھ ضلع میںکنٹرول لائن پر تین سیکٹروں میں بھارت کی اگلی چوکیوں کو مارٹر شیلنگ سے نشانہ بنایا۔ ایک دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان نے آج صبح کسی اشتعال کے بغیر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ کے کیرنی، قصبہ اور شاہپور سیکٹروں میں چھوٹے ہتھیاروں سے بھارت کی چوکیوں کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی افواج نے پاکستانی فائرنگ کا ”بھر پور اور مناسب“ جواب دیا۔ قابل ذکر ہے کہ گذشہ ہفتے ضلع راجوری میں کراس کنٹرول لائن گولہ باری میں ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔2ستمبر کے روز ایک اور ایسے ہی واقعہ میں ضلع راجوری میں ہی ایک جے سی او ہلاک ہوا تھا۔  

ترکی دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرنا سیکھے: ہندوستان

اقوام متحدہ// جموں و کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے بیان پر اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ ٹی ایس ترومورتی نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کو دوسرے ممالک کی خودمختاری کااحترام کرنا سیکھنا چاہئے۔  ترومورتی نے ٹوئٹ کیا”ہم نے مرکز کے زیر کنٹرول ریاست جموں اور کشمیر کے حوالہ سے ترکی کے صدر کے بیان کو پڑھا ہے اوران کا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں ان کی مداخلت قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ ترکی کو دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرنا سیکھنا چاہئے، اور اپنی پالیسیوں پر غور کرنا چاہئے“۔ یاد رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کشمیر پر ایک بار پھر کہا ہے ” مسئلہ کشمیر ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے اور جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مس

جموں کے اکھنور سیکٹر میں ہتھیار و گولہ بارود ضبط

سرینگر//جموں کشمیر پولیس نے منگل کے روزصوبہ جموں کے ایک گاﺅںمیں ہتھیار اور گولہ بارود ضبط کیا جس میں اے کے بندوقیں اور پستول شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضبط شدہ ہتھیاروں میں تین اے کے بندوقیں بشمول90گولیاں شامل ہیں اور یہ اکھنور سیکٹر میں ایک مصدقہ اطلاع کے بعد بر آمد کی گئیں۔ اطلاعات میں سرکاری ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ مذکورہ ہتھیاروں کو وہاں پاکستان نے گرایا ہوگا۔  

گاندر بل میں دریائے سندھ سے بوسیدہ انسانی ڈھانچہ بر آمد

سرینگر//وسطی کشمیر کے گاندربل میں منگل کو دریائے سندھ سے ایک بوسیدہ انسانی ڈھانچہ بر آمد ہوا۔ اطلاعات کے مطابق اس ڈھانچے کو مقامی لوگوں نے نالے میں تیرتے دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال کے مطابق یہ انسانی ڈھانچہ انتہائی بوسیدہ حالت میں ہے اور یہ دریائے سندھ کے اسی علاقے کے آس پاس ملا ہے جہاں ایک ماہ قبل انسانی جسم کے کچھ حصے بشمول ٹانگیں پائی گئی تھیں۔ پولیس نے اس ضمن میں تحقیقات شروع کی ہے۔  

تازہ ترین