شمالی ضلع کپوارہ میں جنگجو ﺅں کا اعانت کار گرفتار، ہتھیار بر آمد: پولیس

سرینگر//پولیس نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جنگجو ﺅں کے ایک اعانت کارکو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ضلع کپوارہ کے مندی گام کرالہ گنڈ علاقے مین عمل میں لائی گئی۔ اپنے بیان میں پولیس نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مندی گام کے میوہ باغات میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق تلاشی کے دوران ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا جس نے فورسز کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی لیکن اُسے دبوچ لیا گیا۔ گرفتار شدہ کی شناخت عقیل احمد پرے ولد ولی محمد پرے ساکن مندی گام کرالہ گنڈ کے طور ہوئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق اُس کی تحویل سے ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔  

سری نگر میں دوران ڈیوٹی بی ایس ایف افسر کی بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے موت

سری نگر// سری نگر کے ہائی سیکورٹی زون راج بھون میں ہفتے کی صبح بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) سے وابستہ ایک اسسٹننٹ سب انسپکٹر پٹرولنگ کے دوران بظاہر حرکت قلب بند ہونے سے جان بحق ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے ہائی سیکورٹی راج بھون میں بی ایس ایف کا ایک اسسٹننٹ سب انسپکٹر پٹرولنگ پارٹی کی سربراہی کر رہا تھا کہ اس دوران وہ اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف افسر کو فوری طور پر یونٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔  

جنید متو اور پیپلز کانفرنس کا تعلق ختم

سرینگر//جموں کشمیر پیپلز کانفرنس نے ہفتے کو بتایا کہ جنید متو کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پارٹی کے مطابق متو کا پارٹی کے ساتھ تعلق ہفتوں پہلے ختم ہوگیا ہے۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے سابق میئر نے بھی ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُن کا پیپلز کانفرنس کے ساتھ تعلق ٹوٹ گیا ہے۔

کشمیر میں 4.5 شدت کا زلزلہ، نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

سری نگر// وادی کشمیر میں ہفتے کو دوپہر کے وقت زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکز شمالی کشمیر کا ہی کوئی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی دس کلو میٹر درج ہوئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق آج دوپہر قریب بارہ بجکر دو منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔  

راجوری میں ایل او سی پر ہند۔پاک افواج کے مابین گولہ باری

سری نگر// جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہفتے کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر آج صبح قریب سوا گیارہ بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں موجود بھارتی فوجی جوان حملے کا” بھر پور“ جواب دے رہے ہیں تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔  

اُوڑی میں تین دن قبل غرقآب بچے کی لاش بر آمد

اُوڑی//شمالی کشمیر کے اُوڑی میں ہفتہ کو اُس بچے کی لاش بر آمد کی گئی جو تین روز قبل دریائے جہلم میں ڈوبنے کے لاپتہ ہوا تھا۔ بونیار اُوڑی میں23ستمبر کو ایک13سالہ بچہ دریائے جہلم میں ڈوب کر لاپتہ ہوا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ آج اُس کی لاش این ایچ پی سی ڈیم سے بر آمد کی گئی۔ بچے کی لاش ماہر غوطہ خوروں کی انتھک کوششوں کے بعد بر آمد ہوئی ہے ۔ جاں بحق بچے کی شناخت شاہد احمد کنیال ولد نور محمد کنیال ساکن نوشیرا کے طور کی گئی ہے۔  

ملک میں کورونا وائرس کے 85362 نئے کیس،1089اموات

سرینگر//ملک میں گذشتہ24گھنٹوں کے دوران 85362نئے کورونا وائرس کے متاثر سامنے آگئے۔اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 1089افراد لقمہ اجل بن گئے جس سے مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر93379تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس جان لیوا وبا کو شکست دینے والوں کی تعدادبھی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے ، جس کی وجہ سے ایک دن کے بعد اس کے فعال کیسز میں کمی درج کی گئی ہے۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، کووڈ۔19 کے ایکٹیو کیسوںکی تعداد نو ہزار سے زیادہ کم ہوگئی جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر تقریبا 9.61 لاکھ رہ گئی۔  

تازہ ترین