سرینگر میں ایڈوکیٹ بابر قادری گولیاں مار کر جاں بحق

سرینگر// نامعلوم بندوق برداروں نے جمعرات کی شام وادی کے معروف وکیل بابر قادری کو سرینگر میںگولیاں مارکر جاں بحق کیا۔  نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے حول علاقے میں پیش آیا جہاں بابر پر نزدیک سے گولیاں چلائی گئیں۔ بابر کو گولیاں لگتے ہی سکمز صورہ پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ اسپتالی ذرائع نے بابر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔  

کشمیر میں480، جموں صوبے میں624نئے کورونا کیس، تعداد 68614

سرینگر//جموں کشمیر میں گذشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید1104افراد کورونا انفکشن میں مبتلاءپائے گئے ہیں۔ اس طرح مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر68614تک پہنچ گئی ہے۔ آج ظاہر ہونے والے480کیسوں کا تعلق وادی کشمیر جبکہ624کا تعلق صوبہ جموں سے ہے اور ان میں 25مسافر بھی شامل ہیں۔ اعداد و شمار دیتے ہوئے ذرائع نے کہا سرینگر میں آج 194،بڈگام میں 49،بارہمولہ میں72،پلوامہ میں33،اننت ناگ میں24،بانڈی پورہ میں20،کپوارہ میں42،گاندر بل میں28،کولگام میں11جبکہ شوپیاں ضلع میں7کورونا کیس سامنے آئے۔ اسی طرح جموں ضلع میں242،راجوری میں49،اُدھمپور میں49،کٹھوعہ میں36،ڈوڈہ میں54،سانبہ میں37،پونچھ میں44،رام بن میں38،ریاسی میں36 اور کشتواڑ میں39کیس سامنے آئے۔

کپوارہ میں فوجی گاڑی کو حادثہ،مزدور جاں بحق،3فوجیوں سمیت7زخمی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ میں جمعرات کو ایک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ تین فوجی اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ حادثہ کپوارہ قصبہ سے25کلو میٹر دوربری بہک میں پیش آیا۔ اس حادثے میںایک مزدور جس کی شناخت دولت حسین ولد امردین ساکن مرساری کے طور ہوئی، موقع پر ہی جاں جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں تین فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جن کی شناخت صوبیدار این ایس نمبلکر، حوالدار ایس پی سنپ اور سپاہی سولے چندرکانت کے طور ہوئی ہے ۔زخمی اہلکاروں کو درگمولہ میں قائم فوجی اسپتال لیجایا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے مزدوروں میں نوید احمد خان،جاوید احمد خان، اشفاق احمد خان ساکنان مارساری اور ارشاد احمد کٹاریہ ساکن تومنہ شامل ہیں جنہیں پہلے سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ اور بعد میں ضلع اسپتال ہنداورہ لیجایا گیا۔

ترال معرکہ آرائی میں جاں بحق جنگجو البدر سے وابستہ تھا:پولیس

سرینگر//جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں جمعرات کی صبح جو جنگجو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوا وہ البدر تنظیم سے وابستہ تھا۔ ایک سینئر پولیس آفیسر کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی جی این ایس نے لکھا کہ عرفان احمد ڈار ساکن گڈی کل نامی یہ جنگجو معرکہ آرائی کے دوران ابتدائی فائرنگ میں ہی جاں بحق ہوگیا اور اس نے اسی سال20اگست کو جنگجوﺅں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مذکورہ پولیس آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ ایک شہری کے ذریعے عرفان کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی جو اس نے مسترد کی۔ اطلاعات کے مطابق فوج اور پولیس نے آج صبح مچہامہ نامی علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران ایک معرکہ آرائی میں عرفان نامی جنگجو جاں بحق ہوگیا۔

ملک میں86508 نئے کورونا متاثرین، تعداد5732519

نئی دلی// مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کو جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 86508 نئے کیس سامنے آئے ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد5732519 ہوگئی۔ وہیں اس مہلک وائرس کی وجہ سے 1129 مریضوں کی ہلاکت سے ہلاک شدگان کی تعداد 91،149 ہوگئی۔  دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا سے اب تک تقریبا 9.75 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جب کہ تقریبا 3.17 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد6933548 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 201844افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  

دنیا میں کورونا وائرس سے 9.75 لاکھ اموات ، 3.17 کروڑ متاثر

واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا سے اب تک تقریبا 9.75 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جب کہ تقریبا 3.17 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں31779835 افراد متاثر اور975104 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد6933548 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 201844افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  

شمالی کشمیر کے لولاب میں حادثہ، نوجوان لقمہ اجل، دو دیگر زخمی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ کے لولاب علاقے میں جمعرات کو ایک25سالہ نوجوان جاں بحق اور دو دیگر اُس وقت زخمی ہوگئے جب ایک ٹریکٹر، جس میں وہ سوار تھے اُلٹ گیا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق یہ حادثہ لولاب کے تھاین کلاروس میں آج صبح پیش آیا۔  جاں بحق نوجوان کی شناخت فاروق احمد میر ولد غلام قادر میر ساکن تھاین کلاروس کے طور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 24سالہ منظور احمد ڈار ولد غلام سول ڈار اور بشیر احمد میر ولد محمد اکبر میر شامل ہیں جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔  

وسطی کشمیر کے بڈگام میں جنگجویانہ حملے میں زخمی سی آر پی ایف اہلکار چل بسا

سری نگر// وسطی ضلع بڈگام کے بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح جنگجوﺅں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا۔ حملہ آور مہلوک اہلکار سے اس کی سروس رائفل بھی چھین کر لے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح قریب پونے آٹھ بجے موٹر سائیکل پر سوار جنگجوﺅں نے 117 بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی طرف پہلے گرینیڈ پھینکا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے میں مذکورہ اہلکار زخمی ہوگیا اور اسے 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔  

سرینگر کے مختلف مقامات پر این آئی اے کے تازہ چھاپے

سرینگر//قومی تحقیقای ایجنسی (این آئی اے ) نے جمعرات کی صبح سرینگر کے متعدد علاقوں میں چھاپے مارے۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق این آئی اے کے ہمراہ سی آر پی ایف اور پولیس اہلکار بھی تھے اور انہوں نے ظہور احمد بٹ ساکن وزیر باغ،بشیر احمد لون ساکن ہوکر سر، عارف احمد مسگر اور فضل حق ساکنان باغ سندر چھتہ بل کے مکانات پر چھاپے مارے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سبھی شہری کراس ایل او سی تجارت کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کم و بیش30 کشمیری تاجروں اور علیحدگی پسندوں کو گرفتار کر رکھا ہے اور ان پر جنگجوﺅں کی فنڈنگ کا الزام ہے۔ کراس ایل او سی تجارت مارچ2019سے معطل ہے۔  

وسطی کشمیر کے چاڈورہ میں جنگجو سی آر پی ایف اہلکار کو زخمی کرکے اس کی بندوق لیکر فرار

سرینگر//وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوﺅں کے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگیا اور حملہ آور اُس کی بندوق چھین کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ چاڈورہ کے کیسر ہامہ علاقے میں پیش آیا جس کے بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔  نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں نے سی آر پی ایف پارٹی کو حملے کا نشانہ بناکر ایک اہلکار کو زخمی کردیا۔اس موقع پر جنگجوﺅں نے مذکورہ اہلکار کی بندوق چھین لی اور راہ فرار اختیار کی۔ زخمی اہلکار کو 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔  

جنوبی کشمیر کے ترال میں معرکہ آرائی، ایک جنگجو جاں بحق،فورسزآپریشن جاری

سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں جمعرات کی صبح ایک جنگجو اُس وقت جاں بحق ہوگیا جب جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی ہوئی۔یہ واقعہ ترال کے مچہامہ علاقے میں پیش آیا جہاں فورسز آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے ابتدائی مرحلے پر ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ اس سے قبل فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے مچہامہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔

تازہ ترین